سندھ کی جامعات سے بھی کرپشن کی شکایات موصول ہوئی ہیں، غلام قادر تھیبو

ہفتہ 25 مارچ 2017 17:43

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2017ء) چیئرمین اینٹی کرپشن غلام قادر تھیبو نے کہا کہ ایک اچھے رہنمامیں دیگر خصوصیات کے ساتھ ساتھ ایماندار ہونا لازمی ہے۔ ایمانداری اور اچھے کردار سے ایک لیڈر نوجوانوں کے لئے رول ماڈل بن سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دائود یونیورسٹی میںہیلپنگ ہینڈز کی طرف سے منعقد لیڈرشپ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے کو بدقسمتی سے کرپشن جیسے مسائل کا سامنا ہے اور سندھ کی جامعات سے بھی کرپشن کی شکایات موصول ہوئی ہیں اور جائز کام پیسے کے بغیر نہیں ہو رہے۔ غلام قادر تھیبو نے کانفرنس میں موجود طلبہ کو مخاطب کر کے کہا کہ پیسے کی اہمیت اتنی نہیں جتنی دی جاتی ہے ،ضروری اور اہمیت والی چیزیں پیسے سے خریدی نہیں جاسکتیں۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین اینٹی کرپشن نے کہا کہ شرجیل میمن کا مقدمہ نیب کے پاس ہے اور ان کے پاس جو شکایات آتی ہیں وہ کارروائی کرتے ہیں۔

ایک سوال کہ جواب میں انہوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن میں پیسوں کی ریکوری سے متعلق کوئی قانون نہیں ہے اور اینٹی کرپشن کے قوانین میں ترامیم کی جا رہی ہیں اور اینٹی کرپشن لاء کی سمری آگے بھیجی گئی ہے ۔کراچی انٹر بورڈ کے متعلق بات کرتے ہوئے چیئرمین اینٹی کرپشن نے کہا کہ اینٹی کرپشن کہ چھاپوں کے باعث نتائج کبھی تاخیر کا شکار نہیں ہوئے بلکہ صحیح جاری ہوئے جس سے اہل طلبہ نے پوزیشن لی۔ نتائج میں دیر کا الزام اینٹی کرپشن پر لگانا ٹھیک نہیں کیوں کہ انٹر بورڈ کے پاس ہر چیز کمپیوٹرائزڈ ہے۔ کانفرنس میں ڈاکٹر فضل اللہ عباسی سمیت بڑی تعداد میں طلبہ اور طالبات نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :