سٹیٹ بینک کا پالیسی ریٹ 5.75 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ

ہفتہ 25 مارچ 2017 17:43

سٹیٹ بینک کا پالیسی ریٹ 5.75 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2017ء) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی زری پالیسی کمیٹی نے پالیسی ریٹ 5.75 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی بینک سے ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران مہنگائی کی توقعات بدستور محدود رہی ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ رسدی پہلو پر تقریباً کوئی بڑا دباؤ نہیں تھا تاہم مالی سال 14 سے پست شرحِ سود کے حالات میں بڑھتی ہوئی حقیقی آمدنی ملکی طلب میں اضافے کی علامت ہے جس کا وسیع پیمانے پر اظہار قوزی گرانی کے پیمانوں سے بھی ہوتا ہے۔

اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مستقبل میں صارفین کا بڑھتا ہوا اعتماد (جیسا کہ مارچ 2017ء کے آئی بی اے ایس بی پی اعتمادِ صارف سروے سے ظاہر ہی) اس بات کی علامت ہے کہ صارف کی طلب مزید بڑھے گی تاہم لاگت کے حوالے سے کسی بڑے دھچکے سے قطع نظر ، مالی سال 18 میں عمومی مہنگائی کے بنیادی رجحان کی وضاحت ملکی طلب سے ہوگی۔

(جاری ہے)

حقیقی اقتصادی سرگرمیوں کی رفتار بدستور بڑھ رہی جسے بہتر زرعی پیداوار، بڑے پیمانے کی اشیا سازی کے اہم شعبوں میں نمو، اور نجی شعبے کو قرضے میں عمدہ اضافے سے سہارا ملا۔

اس توسیع کو کئی عوامل سے مدد ملی جن میں خام مال کی کم لاگت، مثبت اقتصادی احساسات، توانائی کی بہتر رسد اور سی پیک سے متعلق سرمایہ کاری شامل ہیں۔ اس کے نتیجے میں مالی سال 17ء میں جی ڈی پی کی شرح نمو مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔ نیز محتاط زری پالیسی مئوقف کا نتیجہ مارکیٹ میں کم اور مستحکم شرح سود کی صورت میں عمدگی سے نکلا ہے جس سے نجی شعبے کو اپنے کاروبار کی مالکاری اور سرمایہ کاری سرگرمیوں کے لئے کمرشل بینکوں سے قرضہ لینے کی ترغیب ملی۔

نجی شعبے کا قرضہ جولائی تا فروری 349 ارب روپے بڑھ گیا جو گذشتہ سال اسی عرصہ میں 267 ارب روپے بڑھا تھا۔ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ نجی شعبے کے کاروباری قرضوں میں معینہ سرمایہ کاری سب سے آگے رہی جس میں اس عرصے کے دوران 159 ارب روپے کا اضافہ ہوا جو گذشتہ سال اسی عرصے میں 102 ارب روپے ہوا تھا۔ اسی طرح رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں صارفی مالکاری میں نمو کا رجحان برقرار رہا۔

بین البینک سیالیت کی بہتر صورتحال نے بھی نجی شعبے کے قرضے میں نمو کو مہمیز دی جس کی بنیادی وجہ کمرشل بینکوں کو حکومت کی طرف سے قرضے کی خالص ادائیگیاں اور بینکوں کے ڈپازٹس میں معقول اضافہ ہے جبکہ اس کے مقابلے میں گذشتہ برس رقوم نکلوائی گئی تھیں۔ مزید برآں بازارِ زر کے سوچے سمجھے سودوں کے باعث بین البینک سیالیت کا انتظام اچھا رہا جس نے بہ وزن اوسط شبینہ ریپو ریٹ کو پالیسی ریٹ کے قریب رکھا۔

معاشی سرگرمیوں میں توسیع سے درآمدات میں بھی بھرپور اضافہ ہوا، اس کے ساتھ برآمدات میں مستحکم اضافہ نہ ہونے اور ترسیلاتِ زر میں معمولی کمی کی وجہ سے مالی سال 2016-17 ء میں جولائی تا فروری کے دوران جاری کھاتے کا خسارہ 5.5 ارب ڈالر ہوگیا اگرچہ خالص مالی رقوم کا حجم بلند رہا لیکن یہ جاری کھاتے کا خسارہ پورا کرنے کے لئے ناکافی تھیں تاہم برآمدات میں اضافے کے لئے حالیہ پالیسی اقدامات کے مثبت اثر اور غیر ضروری درآمدات کی روک تھام کو دیکھتے ہوئے آئندہ مہینوں میں جاری کھاتے کے خسارے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

مالی رقوم کی آمد کے تسلسل، سی پیک سے متعلق درآمدات، اور تیل کے عالمی نرخ میں کوئی بڑا اتار چڑھائو مالی سال 18ء میں بیرونی شعبے کی مجموعی صورتحال کو متعین کرے گا۔ ان عوامل کو مد نظر رکھتے ہوئے اسٹیٹ بینک کی زری پالیسی کمیٹی نے پالیسی ریٹ 5.75 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔