سفاری زو لاہور میں فوڈ کورٹ اورپلے لینڈ فن دنیا کا افتتاح کر دیا گیا

فوڈ کورٹ پر ایک کروڑ روپے‘پلے لینڈفن دنیا پر 10 کروڑ روپے لاگت آئی ہے

ہفتہ 25 مارچ 2017 17:25

لاہور۔25 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2017ء) رکن قومی اسمبلی و چیئر مین سٹیئر نگ کمیٹی برائے وائلڈلائف محمد افضل کھوکھر اور ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو معیاری اور صحت مندتفریح کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور حکومت اس سلسلہ میں ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے، سفاری زو کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور اسے سٹیٹ آف دی آرٹ پارک بنانے کے لئے مزید فنڈز کا حصول یقینی بنایا جا رہا ہے، سفاری زو کو جلد ہی صوبہ بھر کے تمام پارکوں میں کلیدی حیثیت حاصل ہو جائے گی۔

انہوں نے یہ بات ہفتہ کو یہاں سفاری زو لاہور میں تکمیل کو پہنچنے والے اسٹیٹ آف دی آرٹ فوڈ کورٹ اورپلے لینڈ فن دنیا کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف سفاری زوسید ظفرالحسن، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ہیڈ کوارٹرز محمد نعیم بھٹی ، ڈائریکٹر چڑیاگھرچودھری شفقت علی،ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف پبلسٹی عامر مسعود، معززین علاقہ اور میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

رکن قومی اسمبلی محمد افضل کھوکھر نے اپنے خطاب میں بتایا کہ لاہور سفاری زو میں آنے والے سیاحوں کو مفت وائی فائی سروس فراہم کرنے کے منصوبے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے اور متعلقہ حکام وائی فائی کے لائنیں بچھانے کاکام کررہے ۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کے آخر تک تمام کام مکمل کرکے سیاحوں کو وائی فائی کی مفت سہولت فراہم کر دی جائے گی۔

ڈائریکٹرجنرل جنگلی حیات وپارکس پنجاب خالد عیاض خا ن نے فوڈ کورٹ اورپلے لینڈ فن دنیا کی افتتاحی تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ صرف ایک سال کے عرصہ میں سیاحوں کی آسائش کیلئے 10 کنال رقبہ پر تیار کیے جانے والے فوڈ کورٹ پر ایک کروڑ روپے جبکہ16 کنال رقبہ پر تیار کیے جانے والے پلے لینڈفن دنیا پر 10 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں سہولتیں بی او ٹی کی بنیاد پر تیار کی گئی ہیں اور آٹھ سال کی مدت کے بعد سفاری زو کی انتظامیہ کو منتقل ہو جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ فوڈ کورٹ کے کنٹریکٹر سالانہ 9 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ پلے لینڈ فن دنیا کے کنٹریکٹر سالانہ 20 لاکھ روپے سفاری زو انتظامیہ کو ادا کرنے کے پابند ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 6 ماہ کے دوران پلے لینڈ فن دنیا فیز- II میں فائیوڈی تھیٹر، بچوں کے لئے سائیکل ٹریک اور دیگر سہولیات بھی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پلے لینڈ فن دنیا میں بچوں کے لئے مزید اچھوتی سہولیات مہیا کی جائیں گی جو ان کی تفریح کا باعث بنیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پلے لینڈ میں آنے والے سیاحوں کو تمام سہولیات میسر ہوںگی جبکہ فوڈ کورٹ میں بہترین فوڈ کوالٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :