ہری پور میں جاری ترقیاتی سکیموں میں ناقص مٹیریل کے استعمال کی تحقیقات کا مطالبہ

ہفتہ 25 مارچ 2017 16:43

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2017ء) ہری پور کے عوام نے جاری ترقیاتی سکیموں میں مبینہ طور پر ناقص مٹیریل کے استعمال کی تحیقیقات کا مطالبہ کیاہے ۔ عوامی حلقوں کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے اربوں روپے کے ترقیاتی کاموں کے دوران محکمہ سی اینڈ ڈبلیو اور ٹی ایم اے افسران کی غفلت کے باعث ٹھیکیداروں نے ناقص مٹیریل استعمال کر کے قومی خزانہ کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق جن افراد کو ٹھیکے جاری کئے گئے ہیں ان کو معیار اور ترقیاتی سکیموں کا کوئی تجربہ نہیں ہے صوبائی حکومت نے تمام صوبائی محکموں میں اصلاحات کا دعویٰ کرتے ہوئے تبدیلی کا آغاز کیا ہے مگر محکمہ کے کرپٹ افسران نے صوبائی حکومت کے احکامات کو مسترد کرتے ہوئے کرپشن کے نئے طریقے ایجاد کر دیئے ہیں، حلقہ میں جاری اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل ہونے کے ساتھ ہی ناقص مٹیریل کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکے ہیں۔ عوامی و سماجی حلقوں نے صوبائی احتساب کمیشن اور اینٹی کرپشن ٹیم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہری پور مین جاری ترقیاتی سکیموں کے کام کے معیار کو یقینی بناتے ہوئے کرپٹ افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔