بفہ میں معطل تینوں پٹواریوں کو بحال کر دیا گیا

ہفتہ 25 مارچ 2017 16:43

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2017ء) بفہ میں معطل کئے گئے تین پٹواریوں کو نوکریوں پر بحال کر دیا گیا ہے۔ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں تینوں پٹواریوں کو بفہ سمیت اچھے حلقہ میں تعینات نہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ایک ماہ قبل عوامی شکایت پر ڈپٹی کمشنر مانسہرہ اقبال حسین نے اے سی ذاکر جدون کو سرکل بفہ کے پٹوار خانوں کو چیک کرنے کی ہدایت کی تھی، اے سی ذاکر جدون نے پٹوار خانوں پر چھاپہ مارے تو تین پٹواری سردار طاہر، قاضی عامر اور شیراز احمد ڈیوٹی سے غائب تھے جس پر ڈی سی مانسہرہ نے تینوں پٹواریوں کو معطل کر کے دفتر حاضر ہونے کا حکم دیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے انکوائری کمیٹی قائم کر کے یاسر علی کو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا۔ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پر تینوں معطل پٹواریوں کو گذشتہ روز بحال کر دیا گیا ہے تاہم کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں مہتمم بندوبست کو لکھا ہے کہ مذکورہ پٹواریوں کو بفہ سمیت کسی بھی اچھے حلقہ میں تعینات نہ کیا جائے۔