صوبائی کابینہ نے خانپور تحصیل کی منظوری دیدی ، باقاعدہ نوٹیفکیشن ایک روز بھی جاری کر دیا جائے گا، یوسف ایوب خان

ہفتہ 25 مارچ 2017 16:43

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2017ء) صوبائی کابینہ نے خانپور تحصیل کے قیام کی منظوری دیدی ہے، اس سلسلہ میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی ایک روز بھی جاری کر دیا جائے گا، اہلیان علاقہ نے اس فیصلہ پر صوبائی حکومت کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے رہنما یوسف ایوب خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے خانپور اور اس کے نواحی علاقہ جات کے عوام کے دیرینہ مطالبہ پر خانپور کو الگ تحصیل کا درجہ دینے کی منظوری دیدی ہے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن ایک دو روز میں جاری کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل خانپور کے قیام سے جہاں اس علاقہ کے عوام کو فائدہ پہنچے گا وہاں اس کے مثبت نتائج پورے ضلع کیلئے سود مند ثابت ہوں گے، روزگار، فنڈنگ، ترقی اور مقامی آبادیوں کے مسائل کا حل خان پور تحصیل کے قیام میں ہی پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانپور اور اس کے نواحی علاقہ جات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔