پاکستان کے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی‘ چوہدری پرویز اشرف

ہفتہ 25 مارچ 2017 16:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مارچ2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر نائب صدر وسابق وزیر ہاؤسنگ وفزیکل پلاننگ چوہدری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے انتخابات میں پیپلزپارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ اور بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم ہوں گے ۔ وہ آج یہاں اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے بات چیت کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر وسابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کو آئندہ وزیراعظم نامزد کرنے پرجیالوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔آصف علی زرداری کی پنجاب میں دلچسپی سے یہ بات ظاہر ہو گئی ہے کہ آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی پنجاب سے بھاری مینڈیٹ حاصل کرے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں تنظیم سازی کو آزادکشمیر بھر میں سراہا گیا ہے ، نئی تنظیم سازی سے پارٹی میں نئی جان پیدا ہو گئی ہے ۔

پارٹی کو وارڈ کی سطح سے منظم کیاجائے گا ۔ اور آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ آزادکشمیرکے گزشتہ انتخابات میں سائینٹیفک دھاندلی کی گئی جس کے ذریعے پیپلزپارٹی کو ہرایا گیا اور ایک درجن سے زائد ایسی نشستیں ہیں جہاں پر پیپلزپارٹی کے امیدوار جیتے ہوئے تھے ان کو ہروایاگیا اس کے علاوہ کشمیر کونسل کے ذریعے کروڑوں روپے تقسیم کئے گئے ۔

لوگوں کے ضمیر خریدے گئے لیکن ایک درجن سے زائد حلقوں میں پیپلزپارٹی کے امیدوار جیتے ہوئے تھے جن کو سائنٹیفک طور پر ہرایاگیا ۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء میں پاکستان میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہو گی اور بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم ہوںگے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلاول بھٹو زرداری اورپیپلزپارٹی آزادکشمیرکی سیاسی انچارج محترمہ فریال تالپور کے مشکور ہیں جنہوں نے آزادکشمیر میں بہترین افرادکو ذمہ داریاں دی ہیں ہم ان ذمہ داریوں کو بہترین انداز سے نبھائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں حکومت نے سات ماہ کے دوران انتقامی کارروائیوں کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا ۔ اداروں کو بند کیا اور ملازموں کے چولہے بجھائے ۔ ہم نے اپنے دور حکومت میںنامساعد مالی صورتحال کے باوجود یونیورسٹیاں، کالجز اور صحت عامہ کے علاوہ اداروں کو فعال کیا ۔ لیکن موجودہ حکومت جس کو دو تہائی اکثریت دلوائی گئی اس نے سات ماہ کے دوران انتقامی کارروئیوں کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی غریبوں کی جماعت ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم نے غریب عوام کو نوکریاں دیں ۔