مقبوضہ کشمیر ، بھارتی پولیس نے امت اسلامی کے رہنما سرجان برکاتی کورہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کر لیا

ہفتہ 25 مارچ 2017 16:02

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے امت اسلامی کے رہنما سرجان احمد برکاتی کو عدالتی احکامات پر رہائی کے فوراً بعد دوبارہ گرفتار کر لیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع شوپیاںکے علاقے ربن گائنہ پورہ کے رہائشی سرجان برکاتی نے گزشتہ برس چلنے والی احتجاجی تحریک کے دوران ایک خاص شہرت حاصل کی تھی۔

(جاری ہے)

وہ آزادی کے حق میں مظاہروں اور جلسوں کے دوران ایک خاص لہجے اورانداز میںنعرے لگاتے تھے ۔احتجاجی مظاہروں میں ان کے سرگرم کردار سے زچ ہوکر قابض انتظامیہ نے انہیں گرفتار کر کے ان پر کالاقانون پبلک سفیٹی ایکٹ لاگو کر دیا تھا۔ ادھر بھارتی پولیس نے سرینگرکے علاقے آبی گزر میںلبریشن فرنٹ کے دفتر پرچھاپہ مارااورایک پارٹی کارکن محمد عرفان خان کو گرفتارکر لیا۔ جموںوکشمیر کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں محمد عرفان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلاجواز گرفتاریوں سے کشمیریوں کی آواز کو ہرگز دبایا نہیںجاسکتا۔