آرآئی یوجے کی صحافی بلال آفریدی پر وکلاء کی جانب سے تشدد کی مذمت

ْ واقعے میں ملوث وکلاء کے لائسنس کی معطلی کیلئے پاکستان بار کونسل سے رجوع کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 25 مارچ 2017 15:59

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2017ء) راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے ڈسٹرکٹ کورٹ میں صحافی بلال آفریدی پر وکلاء کی جانب سے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعے میں ملوث وکلاء کے لائسنس کی معطلی کیلئے پاکستان بار کونسل سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہاں جاری بیان کے مطابق اس حوالے سے ہفتہ کونائب صدر صغیر چوہدری کی سربراہی میں ایک چار رکن کمیٹی تشکیل دی گئی جو اندراج مقدمہ اور پاکستان بار کونسل کی انضباطی کمیٹی کو ان وکلاء کے خلاف درخواست دے گی جو مبینہ طور پرتشدد میں ملوث تھے۔

آر آئی یو جے نے اپنے اجلاس میں واضح کیا ہے کہ صحافیوں کے خلاف پرتشدد رویوں کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میںبعض ٹی وی چینلوں اور میڈیا کے اداروں کی جانب سے تنخواہوں کی عدم ادائیگیوں، صحافیوں کی ممکنہ برطرفیوں اور چھ ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگیوں پر بھی غور ہوا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے رابطوں کیلئے پانچ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس کی سربراہی قائمقام صدر ناصر ہاشمی کریں گے جبکہ کمیٹی میں جنرل سیکرٹری آر آئی یو جے علی رضا علوی، فنانس سیکرٹری اصغر چوہدری، طارق علی ورک شامل ہوں گے۔ اگلا اجلاس جمعہ 31 مارچ کو طلب کیا گیا ہے۔ ہنگامی اجلاس سیکرٹری آر آئی یو جے علی رضا علوی نے طلب کیا جس کی صدارت قائمقام صدر ناصر ہاشمی نے کی۔

متعلقہ عنوان :