ٹرمپ انتظامیہ کا اوباما دور میں مسترد کردہ پائپ لائن منصوبہ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

کی اسٹون ایکسٹرالارج پائپ لائن پراجیکٹ بہترین قومی مفاد اور اوباما انتظامیہ کی سوچ کے برعکس ہے، امریکی محکمہ خارجہ

ہفتہ 25 مارچ 2017 15:20

ٹرمپ انتظامیہ کا اوباما دور میں مسترد کردہ پائپ لائن منصوبہ دوبارہ ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2017ء) ٹرمپ انتظامیہ نے تیل کی ترسیل کے لئے اوباما انتظامیہ کی طرف سے مسترد کئے گئے پائپ لائن منصوبے کو دوبارہ شروع کرنیکا اعلان کر دیا۔امریکا کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے ’کی اسٹون ایکسٹرالارج پائپ لائن پراجیکٹ‘ کی تعمیر کے لیے ٹرانس کینیڈا کو اجازت نامہ جاری کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کرنا بہترین قومی مفاد اور اوباما انتظامیہ کی سوچ کے برعکس ہے جو اس منصوبے کے خلاف تھی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس منصوبے کو ایک قابل تحسین عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پائپ لائن کا منصوبہ تیل کی نقل و حمل کے دیگر طریقہ کار سے زیادہ محفوظ ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے منصوبے کی تکمیل کو ’’طویل تاخیر‘‘ شدہ معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی دوسرے صدر میں اس اجازت نامے پر دستخط کرنے کی ہمت نہ تھی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کینیڈین کمپنی ’ٹرانس کینیڈا‘ کے سربراہ رٴْس گرلنگ نے بھی اجازت نامے کو ایک سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبیکا طویل مدت سے انتظار ہو رہا تھا۔

واضح رہے سابق امریکی صدر براک اوباما نے 2 سال قبل ’کی اسٹون ایکسٹرا لارج پائپ لائن پراجیکٹ‘ کو مسترد کر دیا تھا، اس منصوبے سے پائپ لائن سے کینیڈا کے خام تیل کو امریکی ساحل کے خلیجی علاقے میں نصب رفائنریز تک لایا جائے گا۔