سی پیک طویل المیعاد ترقی کیلئے پاکستان اور چین کا تعاون کا نیا فریم ورک ہے ، چین

ہفتہ 25 مارچ 2017 14:07

سی پیک طویل المیعاد ترقی کیلئے پاکستان اور چین کا تعاون کا نیا فریم ..
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مارچ2017ء) چین کی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان ہوا چن ینگ نے ان خدشات کو مسترد کر دیا ہے کہ چین ۔پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) کے تجارتی راستے طورپر کھلنے کے بعد پاکستان میں سستی چینی مصنوعات کی بھرمار ہو گی جس کی وجہ سے مقامی پاکستانی کمپنیوں کے لئے بقا کا مسئلہ درپیش ہو گا ۔خاتون ترجمان نے یہاں پریس بریفنگ میں مزید کہا کہ چین سی پیک کو آگے بڑھانے کے لئے پاکستان کے ساتھ کام کرنے پر تیار ہے تا کہ دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے ۔

ترجمان نے کہا کہ سی پیک طویل المیعاد ترقی کے حصول کے لئے چین اور پاکستان کی طرف سے قائم کیا جا نے والا تعاون کا نیا فریم ورک ہے ۔خاتون ترجمان نے کہا کہ سی پیک بیلٹ وروڈ منصوبے کا ایک اہم پراجیکٹ بھی ہے یہ نہ صرف چین اور پاکستان کی مشترکہ ترقی کے فروغ بلکہ علاقائی رابطے اور علاقائی ممالک کی مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے فروغ کیلئے بھی اہم ہے، سی پیک پر پیشرفت کے سلسلے میں دونوں ممالک بھرپور صلاح مشورے، مشترکہ کردار اور مشترکہ مفادات کے اصول کے پابند ہیں ۔

(جاری ہے)

خاتون ترجمان نے کہا کہ سی پیک کی وجہ سے حاصل ہونے والے فوائد اور منافع میں خطے اور چین اور پاکستان کے عوام حصہ دار ہونگے ، یوم پاکستان کے موقع پر فوجی پریڈ میں چینی عوامی سپاہ آزادی کے گارڈ زآف آنر کی شمولیت کے بارے میں ترجمان نے کہا کہ پاکستانی فوج کی دعوت پر چین کی عوامی سپاہ آزادی کے تینوں شعبوں کے آنر گارڈز میں یوم پاکستان کے موقع پر منعقد کی جانیوالی فوجی پریڈ میں مارچ کے لئے فارمیشن بھیجی ۔

ترجمان نے کہا کہ چین اور پاکستان سدابہار دفاعی کوآپریٹو پارٹنر ہیں اور چین اور پاکستان کی افواج کے درمیان روایتی دوستی قائم ہے ۔ہواچن ینگ نے آگاہ کیا کہ 2015ء میں پاکستان نے جاپانی جارحیت کیخلاف چین کی عوامی جنگ مزاحمت اور عالمی فسطائیت مخالف جنگ کی کامیابی کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر چین کی فوجی پریڈ میں ایک فارمیشن بھیجی تھی ۔انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ پاکستان کی فوجی پریڈ میں پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ شمولیت دونوں ممالک اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان اعلیٰ سطح کے دفاعی باہمی اعتماد اور دوستانہ تعلقات کے لب لباب کا ایک اور بین ثبوت ہے ۔

متعلقہ عنوان :