اوپن یونیورسٹی کے ٹیچرز ٹریننگ پروگرامز کے امتحانات 21اپریل سے شروع ہوں گے

طلبہ کی سہولت کے لئے ملک بھر میں 875امتحانی مراکز قائم کر دیئے گئے ،ترجمان

ہفتہ 25 مارچ 2017 11:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2017ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں 2016ئ؁ میں پیش کئے گئے اے ٹی ٹی سی ،ْپی ٹی سی ،ْسی ٹی اور بی ایڈ پروگراموں کے فائنل امتحانات 21۔اپریل 2017ء سے ملک بھر میں ایک ساتھ شروع ہو رہے ہیں۔طلبہ و طالبات کی سہولت کے لئے ملک بھر میں 875۔امتحانی مراکز قائم کردئیے گئے ہیں ۔ ترجمان کے مطابق امتحانات میں شرکت کے اہل تمام اُمیدواروں کو ڈاک کے ذریعہ رول نمبر سلپ اور ڈیٹ شیٹ ارسال کردی گئی ہیں ۔

کنٹرولر امتحانات کے مطابق اگر کسی طالبہ یا طالب علم کو اب تک رول نمبر سلپ نہ ملی ہو تو اُنہیں چاہئے کہ فوری طور پر اپنے قریب ترین شہر میں موجود علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل آفس یا سپرینٹینڈنٹ ( ٹیچر ایجوکیشن سیکشن ) مین کیمپس سے ذاتی طور پر ڈُ پلیکیٹ رول نمبر سلپ کے لئے رابطہ کریں۔

(جاری ہے)

ڈپلیکیٹ رول نمبر سلپ حاصل کرنے کے لئے امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پاسپورٹ سائز تصدیق شدہ دو عدد تصویریںاپنے ساتھ ضرور لائیں ۔

کنٹرولر امتحانات کے مطابق طالب علموں کی سہولت کے لئے رول نمبر سلپس اور ڈیٹ شیٹ یونیورسٹی کی ویب سائیٹ www.aiou.edu.pk پر بھی جاری کردی گئی ہیں۔کنٹرولر امتحانات نے اُمیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کمرہ امتحان میں پہنچنے سے پہلے رول نمبر سلپ پر درج ہدایات غور سے پڑھیں۔ ایسا کرنا خود اُن کے لئے بہت مفید ثابت ہو گا۔ علاوہ ازیں طلبہ و طالبات کو فائنل امتحان میں شرکت کے لئے نادرہ کا جاری کردہ قومی شناختی کارڈ بھی اپنے ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔