آصف زرداری دوسروں پر کمیشن لینے کا الزام لگانے سے پہلے آئینہ دیکھ لیا کریں، لوٹ مار کے نت نئے طریقے ایجاد کرنا آصف زرداری کا طرہ امتیاز ہے،مسلم لیگ (ن) اہل سندھ کو زرداریوں کی استحصالی حکومت سے نجات دلائے گی،وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق

ہفتہ 25 مارچ 2017 00:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2017ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آصف زرداری دوسروں پر کمیشن لینے کا الزام لگانے سے پہلے آئینہ دیکھ لیا کریں، لوٹ مار کے نت نئے طریقے ایجاد کرنا آصف زرداری کا طرہ امتیاز ہے۔ اپنے ایک بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ قوم چوری کی چُوری کھا کر جوان ہونے والوں کو پاکستان لوٹنے کا موقع نہیں دے گی، زرداری پارٹی کے دس سالہ دور اقتدار نے سندھ کو آسیب زدہ کھنڈر بنا ڈالا ہے، سندھ کی ترجمانی کی دعویدار زرداری پارٹی نے سندھ کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا، مسلم لیگ (ن) اہل سندھ کو زرداریوں کی استحصالی حکومت سے نجات دلائے گی۔

انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ سندھ میں سیاسی خلاء مسلم لیگ (ن) ہی پورا کرے گی، سندھ میں مسلم لیگی رہنمائوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں سے ہماری پیشقدمی نہیں رک سکتی، سندھ کی ترقی و خوشحالی کیلئے 2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی شکست لازم ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ متبادل قیادت ملی تو اہل سندھ 2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کا سندھ کارڈ ان سے چھین لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں جلسوں کے انعقاد کے اعلان پر خوش آمدید کہتے ہیں، اہل پنجاب کے دل جیتنے کیلئے باتیں نہیں کارکردگی چاہیے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم سندھ میں دستک دے رہے ہیں، زرداری حکومت انتقامی کارروائیوں سے گریز کرے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گورننس کا ماڈل کے پی کے اور سندھ سے بدرجہا بہتر ہے۔