کوہاٹ ملنگ آباد سے آٹھ رکنی خطرناک ڈکیت گروہ خود کاراسلحہ سمیت گرفتار

جمعہ 24 مارچ 2017 23:30

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء)کوہاٹ ملنگ آباد سے آٹھ رکنی خطرناک ڈکیت گروہ کو خود کاراسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔زیر حراست ڈکیت گروہ میں افغان اور قبائلی با شندے بھی شامل ہیںجنکے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کوہاٹ پشاور بائی پاس روڈ پر ملنگ آباد کے علاقے میں واقع شاہد عرف ٹاکئے ولد سردار خان کے حجرے میں مسلح ڈاکوئوں کا ایک گروہ ڈکیتی کاخطرناک واردات برپا کرنے کی منصوبہ بندی میں مصروف عمل ہے۔

اس اطلاع کی تصدیق کے بعد انہوں نے تھانہ جنگل خیل کے ایس ایچ او قسمت خان کی سربراہی میں پولیس پارٹی تشکیل دیکر ڈکیتی کی ورادات ناکام بنانے اور مسلح ڈاکوئوں کو ہر حال میں گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔

(جاری ہے)

پولیس کی اس چھاپہ مار ٹیم نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے مطلوبہ مقام کا اچانک محاصرہ کرلیا اور مسلح ڈکیت گروہ کو ہتھیار پھینکنے کی وارننگ جاری کردی۔

اس اثناء میں خواتین پولیس اور کوئیک رسپانس ایلیٹ فورس کی بھاری نفری بھی طلب کرلی گئی جنہوں نے شدید مزاحمت کے بعد حجرے کے اندر داخل ہوکر مسلح ڈاکوئوں کو نہایت حکمت عملی سے قابو کرکے غیر مسلح کردیا۔پولیس نے موقع پر موجود ڈکیت گروہ کے آٹھ مسلح افراد افغان باشندے گل بہار ولد جلال،اورکزئی ایجنسی سے تعلق رکھنے والے قبائلی باشندے رحمت اللہ ولد دین اکبر،حامد منیر ولد منیر شاہ،عاصم ولد محمد علی شاہ،ناصر شاہ ولد نہار شاہ،صدام ولد ساجد،ذبیر شاہ ولد سید محبت شاہ ساکنان جنگل خیل اور شاہد ولد سردارسکنہ ملنگ آباد کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے مجموعی طور پر دو کلاشنکوف،چھ پستول ،گیارہ چارجرزاور مختلف بور کے دوسو باون عدد کارتوس برآمد کرکے قبضے میں لے لئے۔

کامیاب چھاپہ مار کاروائی کے بعد زیر حراست ڈاکوئوں کو فوری طور پر تھانہ جنگل خیل منتقل کردیا گیا جہاں انکے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے بقول گرفتار داکوئوں میں متعدد عادی جرائم پیشہ افراد شامل ہیں جو ڈکیتی ،راہزنی ،چوری چکاری اور سٹریٹ کرائمز کی دیگر وارداتوںکے علاوہ اجرت پر قتل جیسے سنگین جرائم کا ارتکاب کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ڈی پی او جاوید اقبال نے سنگین مجرمانہ سرگرمیوں کے خلاف پولیس کی اس کاروائی کو اہم کامیابی قرار دیکر پولیس پارٹی کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کابھی اعلان کیا ہے۔