وزیراعظم کے بیان کے بارے میں اشتعال انگیز تبصرہ کرنے پر پیمرا نے اے آر وائی نیوز چینل سے 31 مارچ تک جواب طلب کر لیا

جمعہ 24 مارچ 2017 23:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء) اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’دی رپورٹرز‘‘ میں وزیراعظم کے بیان کے بارے میں اشتعال انگیز تبصرہ کرنے پر پیمرا نے چینل کو 31 مارچ 2017ء تک جواب طلب کر لیا۔ اے آر وائی نیوز پر 23 مارچ 2017ء شام 7 سے 8 بجے پروگرام ’’دی رپورٹرز‘‘ نشر ہوا، پروگرام کے دوران مہمان شاہد لطیف نے وزیراعظم کے ایک بیان کو گستاخانہ قرار دیا جوکہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک روش ہے جس پر پروگرام کے میزبانوں نے کوئی روک ٹوک نہ کی جو کہ پیمرا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

چینل کو یہ بات واضح تھی کہ ایسے اشتعال انگیز تجزیہ کا نشر کرنا پیمرا ترمیمی ایکٹ 2007ء کی شق 20(f)، پیمرا رولز 2009 کے روز 15(1) اور ضابطہ اخلاق برائے برقی میڈیا کی شقوں 19، (7)(a)، 4(1)، 22، 3(1)(f)، اور 23 کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

پیمرا نے اس سلسلے میں اے آر وائی نیوز سے سات یوم یعنی مورخہ 31 مارچ 2017ء سہ پہر 4 بجے تک جواب طلب کیا ہے کہ وہ اس بات کی وضاحت کرے کہ کیوں نہ لائسنس ہولڈر پر پیمرا قوانین کے منافی نفرت انگیز اور اشتعال انگیز تبصرہ نشر کرنے پر کارروائی کی جائے۔

مزید برآں اے آر وائی نیوز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (میزبان اور تجزیہ کار اگر وہ خواہشمند ہیں) کو مورخہ 31 مارچ 2017ء دوپہر 12 بجے اپنے دفاع میں ذاتی شنوائی کیلئے بھی بلایا گیا ہے۔ مقررہ تاریخ مورخہ 31 مارچ 2017ء دوپہر 12 بجے تک جواب نہ ملنے کی صورت میں پیمرا یکطرفہ کارروائی کرنے کا مجاز ہوگا۔

متعلقہ عنوان :