ٹی بی کے عالمی دن کے موقع پر چانڈکا اسپتال کی جانب سے آگاہی ریلی نکالی گئی

جمعہ 24 مارچ 2017 23:20

لاڑکانہ ۔ 24مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء) ٹی بی کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر چانڈکا اسپتال کے شعبہ پلمونالاجی کی جانب سے سول اسپتال سے جناح باغ چوک تک آگاہی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے ٹی بی مرض کی تشخیص اور اس سے بچاؤ کے متعلق بینر اور پینافلیکس ہاتھوں میں اٹھا رکھے تھے جبکہ عام شہریوں میں بروشر بھی تقسیم کئے گئے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چانڈکا اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عنایت کاندھڑو، پروفیسر منظور پھلپوٹو، ڈاکٹر بدرالدین جونیجو اور دیگر نے کہا کہ دنیا میں ایک کروڑ چالیس لاکھ افراد ٹی بی کے مرض میں مبتلا ہیں جن میں سے پاکستان کے 7 لاکھ 30 ہزار مریض بھی شامل ہیں جبکہ ہر سال اس مرض سے ملک میں 44 ہزار افراد موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا شمار پوری دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے، اگر پھپھڑوں کی ٹی بی کا مریض علاج نہیں کرواتا تو ایک سال میں دس سے پندرہ نئے مریض اس مرض میں مبتلا ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مرض کی تشخیص کے لیے مسلسل دو ماہ تک بلغم کا معائنہ، سینے کا ایکسرے اور جلد کے ذریعے معائنہ کرنے سے اس مرض کی تشخیص ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرض سے نجات حاصل کرنے کے لئے سگریٹ نوشی ترک کرکے مسلسل چھ ماہ تک علاج اور ادویات استعمال کی جائیں۔