وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کی وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال سے ملاقات،سی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے صوبائی سطح پر کئے گئے اقدامات پر بریفنگ،وفاق اور صوبوں کو باہم لڑانے کی سازشیں دم توڑ چکیں،آج وفاق اور تمام اکائیاں متحد ہو کر ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں،وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال کی گفتگو

جمعہ 24 مارچ 2017 23:09

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کی وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء) وزیر اعلی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال سے ملاقات کی۔ ملاقات میں چشمہ پاور پلانٹ، وارسک کنال اور دیگر منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلی خیبر پختونخواہ کی جانب سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی کو سی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے صوبائی سطح پر کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر نے کے پی کے حکومت کی اقتصادی راہداری منصوبوں میں خصوصی دلچسپی اور کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی پہلے دن سے اقتصادی راہداری کے منصوبوں میں اسی طرح سے شامل ہوتے تو اب تک بہت آگے نکل چکے ہوتے۔ دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سی پیک کی وجہ سے مختلف علاقے ایک دوسرے سے جڑنا شروع ہو گئے ہیں اور آنے والے وقت میں اس میں مذید بہتری لائے جائے گی، جون 2017 تک گلگت چترال روڈ، رشکئی اقتصادی زون اور سرکلر ریلوے پشاور پر معاہدوں کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی وجہ سے کوئٹہ سے گوادر کی طویل مسافت محض آٹھ گھنٹے تک محدود ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں ہونے والی SDGs کانفرنس میں کے پی کے حکومت کی بھر پور نمائندگی نہایت ہی حوصلہ افزا تھی، SDGs کے تحت پسماندہ علاقوں کو اہمیت دی جارہی ہے،تاکہ وہاں کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا جا سکے۔ احسن اقبال نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کو باہم لڑانے کی سازشیں دم توڑ چکیں،آج وفاق اور تمام اکائیاں متحد ہو کر ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔اس موقع پروفاقی وزارت منصوبہ بندی اور صوبائی حکومت کے نمائندے بھی موجود تھے۔