ملک بھر کے نوجوانوں کودر پیش مسائل اور وطن عزیز کے حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے رابطہ مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،صدرجماعت اسلامی یوتھ ونگ سندھ فرہاد گل

جمعہ 24 مارچ 2017 22:10

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء) جماعت اسلامی یوتھ ونگ سندھ کے صدر فرہاد گل نے کہاہے کہ ملک بھر کے نوجوانوں کودر پیش مسائل اور وطن عزیز کے حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے یوتھ ونگ کی جانب سے رابطہ مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا آغاز 23مارچ سے جذبہ حب الوطنی کے ساتھ کردیا گیا ہے جبکہ رابطہ مہم کے دوران سندھ بھر میں گھر گھر جا کراپنا پیغام پہنچائیں گے اور تین لاکھ نوجوانوں کو ممبر بھی بنایا جائے گا،وہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ،اس موقع پر محمد عاصم شیخ ،ظہیر الدین شیخ ،محمد ابراہیم محمد اسامہ شیخ اور دیگر رہنما بھی موجو دتھے ، انہوں نے کہاکہ جے آئی یوتھ پاکستان میں نوجوانوں کی سب سے بڑی ملک گیر تنظیم ہے جو کہ نوجوانوں میں مثبت سر گرمیوں کے فروغ اور وطن عزیز سے محبت کے رشتہ کو مضبوط تر کرنے کیلئے کوشاں ہے،انہوں نے کہاکہ آج کا نوجوان ملک کا مظلوم ترین شہری ہے جو کہ ملک کی آبادی کا 80فیصد ہونے کے باوجود اقتدار سے لیکر پارٹی سربراہان اور روز گار سے لیکر مثبت و سستی تفریح تک سے محروم ہے جسے ہر سطح پر چیلنجز کا سامنا ہے ،انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو بے راہ روی کی جانب دھکیل کر ان کی نظریاتی اور اخلاقی اساس پر ضرب کاری لگا کر دشمنوں کے عزائم کی تکمیل کی جارہی ہے ،انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کی جانب راغب کرتے ہوئے سندھ بھر میں یوتھ اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ سندھ کو صاف و شفاف بنانے اور آلودگی سے پاک کرنے کیلئے کلین اینڈ گرین سندھ مہم کا انعقاد بھی کیا جائے گا،انہوں نے کہاکہ سرمئی شاموں اور محبتوں کے شہر حیدرآباد کو غلاظت کے ڈھیروں اور شاہراہوں کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :