ہمارے افسران اور محنت کش ساتھی ادارے کے ماتھے کا جھو مر ہیں،فیسکو چیف

جمعہ 24 مارچ 2017 22:52

فیصل آباد۔24 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء)چیف ایگزیکٹو فیسکو رشیداحمد اسلم نے کہا ہے کہ انھیں صدارتی پرائیڈ آف پر فارمنس کا ملنا فیسکو ملازمین کی اجتماعی اورشبانہ روز محنت کا ثمر ہے یہ اعزاز مجھے نہیں بلکہ کمپنی کے تمام افسران اور ملازمین کو ملا ہے۔ ہمارے افسران اور محنت کش ساتھی ادارے کے ماتھے کا جھو مر ہیں۔

تمام لوگوں کی کوششوں کو قومی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔ وہ فیسکو افسران و ملازمین کو بونس دلوانے کیلئے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور وزارت پا نی و بجلی کو اپنی بھرپور سفارشات بھجوائیں گے ۔ علاوہ ازیں میٹر ریڈرز کو سپیشل الائونس ان کی تنخواہوں کا حصہ بنوانے کیلئے وزارت کو تجاویز بھجوا چکے ہیں۔وہ صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی ملنے کے بعد فیسکو ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر اپنے اعزاز میں افسران ، ملازمین اور سی بی اے یونین کی طرف سے دیئے گئے استقبالیئے سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ موبائل میٹر ریڈنگ کا آغاز ہوا تو اس سفر کی منزل کا ہمیں اندازہ ہی نہیں تھا۔ شروع میں بہت دشوار لگ رہا تھا مگر نیک نیتی اور خلوص سے میرے سمیت تمام فیسکو سٹاف با لخصوص کمرشل ڈائریکٹو ریٹ نے اس چیلنج کو قبول کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے سفر آسان ہوتا گیا۔ جیسا کہ فیسکو کا یہ وطیرہ ہے کہ اسے جو بھی ہدف دیا جاتا ہے اسے ہم حاصل کر کے ہی دم لیتے ہیں۔

موبائل میٹر ریڈنگ میںبھی ہم 100 فیصد ٹارگٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے اور اب اسکا اتنے بڑے قومی فورم پر اعتراف کیا جانا تو ہم تمام لوگوں کے لیے اعزاز ہے۔موبائل میٹر ریڈنگ سے صارفین کو بھی فائدہ ہوا ہے اور ان کی شکایات کے ازالے کے ساتھ ساتھ فیسکو کے ریونیو میں بھی اضافہ اور لاسز میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ صارفین کا اطمینان ہی سب سے اہم کام ہوتا ہے اور کمپنی کی کامیابی کی علامت ہوتا ہے۔