ریسکیو1122کی جانب سے ضلع مظفرگڑھ میں شجرکاری مہم کا آغاز

جمعہ 24 مارچ 2017 22:52

ریسکیو1122کی جانب سے ضلع مظفرگڑھ میں شجرکاری مہم کا آغاز
مظفرگڑھ۔24 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء)ریسکیو1122کی جانب سے ضلع مظفرگڑھ میں شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا۔تفصیلات کیمطابق شجرکاری مہم کے سلسلے میں ریسکیو1122کے ضلعی اسٹیشن پر ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کی۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر نے اپنے ہاتھوں سے ریسکیواسٹیشن میں پودا لگا کرشجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سیف انورجپہ کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کا سب سے بہترین علاج یہ ہے کہ شجرکاری مہم کے ذریعے ملک بھر میں پودوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور لکڑی چوری اور درخت کاٹنے کے عمل کی حوصلہ شکنی کی جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو1122کی عمارت کی کشادگی کے لیے مزید جگہ فراہم کرنے کی کوشش کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

جبکہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر ارشاد الحق کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں ہر ریسکیواہلکارفی کس100پودے لگائیں گے جبکہ ضلع بھر کی چاروں تحصیلوں میں ریسکیوکی جانب سے پودے لگائے جارہے ہیں۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ ڈائریکٹر جنرل ریسکیوڈاکٹر رضوان نصیر نے 50لاکھ پودے لگانے کا عزم ظاہر کیا ہے اور ریسکیواس عزم کو ہرصورت پورا کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ریسکیواہلکاروں کی طرح تمام شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وٴْہ سرسبز ملک کے لیے درخت وافر مقدار میں لگائیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ کیا جاسکے۔تقریب میں معروف سماجی شخصیت ملک جاوید اور راؤ محبوب نے ریسکیوکے ماحول دوست اقدام کو سراہتے ہوئے پودوں کی فراہمی کی بھی یقین دہانی کرائی۔