سالِ رواں میں میپکو ملازمین اور صارفین کو پیش آنے والے حادثات گزشتہ سال کی نسبت کم ہیں ۔جنرل منیجرآپریشن

جمعہ 24 مارچ 2017 22:52

ملتان۔24 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء)جنرل منیجر آپریشن میپکو سرفرازاحمد ہراج نے کہا ہے کہ میپکو کے زیر انتظام علاقوں میں بجلی تنصیبات سے ہونے والے مہلک اور غیر مہلک حادثات میں نمایاں کمی آئی ہے ۔ سالِ رواں میں ملازمین اور صارفین کو پیش آنے والے حادثات گزشتہ سال کی نسبت کم ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال 2015-16؁ء میں جولائی تا جون کے دوران مہلک حادثات میں 18افراد جاں بحق ہوئے تھے جن میں سے 12میپکو ملازمین اور 6عام شہری تھے جبکہ غیر مہلک حادثات میں 8میپکو ملازمین زخمی ہوئے صرف ایک عام شہری زخمی ہوا ۔

رواں مالی سال 2016-17؁ء کے پہلے 8ماہ جولائی تا فروری کے دوران صرف 6مہلک حادثات رونماہوئے جن میں 4میپکو ملازمین اور 2عام شہری جاں بحق ہوئے جبکہ 8غیر مہلک حادثات میں صرف میپکو ملازمین زخمی ہوئے ۔ جنرل منیجر آپریشن نے کہا کہ حادثات میں کمی میپکو کی جانب سے لائن سٹاف کو دئیے جانے والے معیاری سیفٹی آلات ، مسلسل مانیٹرنگ اور ان کی آگہی کے لئے منعقد کئے جانے والے سیفٹی سیمینارز سے ممکن ہوئی اور میپکو کی جانب سے صارفین میں اپنی حفاظت کے شعور کو اجاگر کرنے کے لئے چلائی گئی مہم بھی موثر ثابت ہوئی ہے ۔