عزیز بھٹی شہید ہسپتال کے رشیدہ شفیع ٹراما سنٹر میں جدید سی ٹی سکین مشین سے کام شروع کر دیا گیا ہے، لیاقت علی چٹھہ

جمعہ 24 مارچ 2017 22:52

لالہ موسیٰ۔24 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء) عزیز بھٹی شہید ہسپتال کے رشیدہ شفیع ٹراما سنٹر میں جدید سی ٹی سکین مشین نے کام شروع کر دیا ہے، اس حوالے سے منعقدہ پروقار تقریب کے مہمانان خصوصی ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا، میئر گجرات حاجی ناصر محمود تھے جبکہ ہسپتال میں زیر علاج بزرگ مریضہ صفیہ بی بی نے ربن کاٹ کر سی ٹی سکین مشین کا افتتاح کیا،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عابد غوری، ایم ایس ڈاکٹر شاہد معروف، صدر چیمبر آف کامرس ابرار سعید، نائب صدر سیٹھ قمر خورشید، صدر پی ایم اے ڈاکٹر زاہد مقصود، ممتاز سماجی شخصیت امتیاز کوثر ودیگر بھی موجود تھے۔

رشیدہ شفیع ٹراما سنٹر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جس پر 10کروڑ روپے اخراجات آئے ہیں ٹراما سنٹر کا باقاعدہ افتتاح اپریل کے وسط میں ہوگا، رشیدہ شفیع ٹراما سنٹر کی تعمیر کیلئے تمام وسائل سماجی شخصیت امتیاز کوثر، انکے بھائیوںگلناز احمد، فیاض احمد،اخلاق احمد، شہباز احمد ، سجاد احمد اور انکے صاحبزادے عثمان احمد نے برداشت کئے ہیں ۔

(جاری ہے)

سی ٹی سکین مشین کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹراما سنٹر کی تعمیر پر امتیا زکوثر اور انکی فیملی کے جذبہ خدمت انسانیت کو زبردست سراہا اورکہا کہ ایسے لوگ امید کی کرن ہیں جو اللہ تعالی کے دیے ہوئے رزق کو مخلوق کی فلاح کیلئے خرچ کرتے ہیں اورامید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اس روایت کو برقرار رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ رشید شفیع ٹراما سنٹر کے سامنے روڈ کی تعمیر کیلئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور اپریل کے وسط تک سڑک کی تعمیر مکمل کرکے عزیز بھٹی شہید ہسپتال کی ایمرجنسی کو ٹراما سنٹر میں منتقل کرکے یہاں مریضوں کو علاج معالجہ کی فراہمی کا آغاز کر دیا جائے گا۔انہوںنے اس عزم کا اظہار کیا کہ سابق ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے گجرات کے مخیر حضرات کو جو اعتماد دیا اسے برقرار رکھا جائے گا اور انکے فلاحی منصوبہ جات کو آگے بڑھایا جائے گا۔

میئر گجرات حاجی ناصر محمود نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امتیاز کوثر اور انکے بھائیوں نے اپنے والد کی خواہش پوری کرتے ہوئے دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ماڈل ٹراما سنٹر تعمیر کیا ہے ، انہوںنے اللہ تعالی کی رضا کیلئے منصوبے کو مکمل کیا اور عزم رکھتے ہیں کہ وہ مستقبل میں بھی ٹراما سنٹر کی ضروریات پوری کرتے رہیں گے۔ انہوںنے کہا کہ امتیاز کوثر انکی فیملی کا جذبہ خدمت ایک حقیقت کا روپ دھار کر سب کے سامنے ہے ایسی ہی نیک اولاد اپنے والدین کے لئے صدقہ جاریہ ہے اور امید ظاہر کی کہ گجرات کے صاحب حیثت اور مخیر حضرات بھی دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے آگے آئیں گے۔

اس سے قبل ممتاز سماجی شخصیت امتیاز کوثر نے نہایت رقت آمیز لہجے میں دعا کرائی جبکہ انکے کمسن بھتیجے نے نہایت خوبصورت لہجے میں تلاوت قرآن مجید کا شرف حاصل کیا۔

متعلقہ عنوان :