محکمہ منصوبہ بندی کے ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے گا، ثناء اللہ خان زہری

جمعہ 24 مارچ 2017 22:51

محکمہ منصوبہ بندی کے ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے ..
کوئٹہ۔24مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء)وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام 2016-17 میں شامل ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے اہم فیصلے کئے گئے۔ محکمہ منصوبہ بندی اور ترقیاتی سمیت تمام محکموںکو فیصلوں پر عمل درآمد کرانے کی یقین دہانی کرا دی گئی۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیاتی ڈاکٹر عمر بابر نے مجموعی طور پر پی ایس ڈی پی کی پیش رفت سمیت دیگر امور پر بریفنگ دی جبکہ سیکرٹری خزانہ اکبر حسین درانی نے فنڈز کے اجراء اور مختلف سیکرٹریوں نے اپنے اپنے محکمے کے جاری منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جون 2017میں فنڈز کے اجراء کے رحجان کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے گی۔

محکمہ منصوبہ بندی وترقیاتی کے جاری ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔وقت کی کمی کے باعث جن منصوبوں کے فنڈز واپس کئے جائیں گے ، آئندہ مالی سال کے لئے دوبارہ منصوبہ بندی کے لئے فنڈز جاری کئے جائیں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ صوبہ کے تمام دستیاب وسائل عوام کی امانت ہیں جنہیں عوام تک پہنچایا جائے ، اگر ہم یہ نہ کر سکے تو یہ بیڈ گورننس ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ فنڈز لیٹ ہونے کاتاثر درست نہیں اور نہ ہی ہم اپنے دامن پر ایساکوئی دبہ لگنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تبدیلی لانے کے لئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوام تک جلد از جلد اس کے ثمرات پہنچنے چاہیے۔فنڈز کے ضیاع اور اس کی تاخیر کسی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی اور نہ ہی ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ کیا جائے گا۔

نواب ثناء اللہ خان زہری نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو ہدایت کہ وہ محکمہ منصوبہ بندی وترقیات سے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری محکمہ خزانہ سے فنڈز کے اجراء اور تمام متعلقہ محکموں کے تحت ترقیاتی منصوبوںکے عمل درآمد تک تمام مراحل کی ذاتی طور پر نگرانی کرے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپنی اور اپنی کابینہ کی جانب سے چیف سیکرٹری بلوچستان شعیب میر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ چیف سیکرٹری اپنی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے منتخب حکومت کی بھرپور معاونت کریں گے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ اور ان کی حکومت بیوروکریسی کو اپنی ٹیم کا حصہ سمجھتی ہیں اور ہم مل کر بلوچستان میں تبدیلی لا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ ناسازی طبیعت کی وجہ سے ڈاکٹروں کی جانب سے دیئے گئے آرام کے مشور ے کے باوجود سرکاری امور کی انجام دہی کررہے ہیںتاکہ صوبے کا نظام صحیح سمت میں جاری رہے اور اس میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وہ خود تمام مکمل شدہ ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور ان کا جائزہ لیں گے تاکہ عوام جلداز جلد اس سے مستفید ہو سکیں۔

اجلاس میں صوبائی وزیر ڈاکٹر حامد خان اچکزئی ، وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیروںسردار رضا محمد بڑیچ، عبیداللہ بابت، سردار در محمد ناصر، اراکین صوبائی اسمبلی میر عاصم کردگیلو، میر حاجی اکبر آسکانی اور سردار صالح محمد بھوتانی نے بھی شرکت کی۔