ہر ادارے میں احتساب کلچر کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈائریکٹر نیب کراچی

جمعہ 24 مارچ 2017 22:48

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء) ڈائریکٹر انویسٹی گیشن ونگ نیب کراچی ظفر اقبال خان نے کہا ہے کہ کرپشن ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے جس سے ریاستوں کے استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں اور دنیا بھر میں بے انتہا سماجی، سیاسی اور معاشی مسائل جنم لے رہے ہیں، کرپشن پر قابوپانے کے لئے احتساب لازمی ہے، ملک کے ہر ادارے میں کرپشن کے خاتمے کے لئے احتساب کے کلچر کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے کرپشن کو شکست دینا ناگزیر ہے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے زیر اہتمام انسداد کرپشن کے حوالے سے کلیہ علم الادویہ کی سماعت گاہ میں منعقدہ آگاہی سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب ملک کے نوجوانوں کو کرپشن کے خطرناک اثرات کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے، نیب اکیلے کرپشن کا خاتمہ نہیں کرسکتی، ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام ادارے اور اسٹیک ہولڈرز کرپشن کے خاتمے کے لئے نیب اور دیگر انسدادکرپشن کے اداروں سے تعاون کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہم کرپشن کے ذریعے اپنے معاشرے کو تباہ کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے، نوجوانوں کو چاہئے کہ ملک کی فلاح وبہبود کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کراچی نے گذشتہ 11 ماہ کے دوران انتہائی قابل تحسین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، 2015ء میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر صدر پاکستان کی جانب سے نیب کراچی کو ٹرافی سے بھی نوازا گیا، گذشتہ گیارہ ماہ کے دوران نیب کراچی نے 5927 شکایات پر کارروائی کی، 120 انکوائریز جبکہ 76 تحقیقات کیں۔

2016ء میں 100 سے زائد ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائرکئے گئے جبکہ 125 افراد کو کرپشن میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا۔ اس موقع پر رئیس کلیہ علم الادویہ پروفیسر ڈاکٹر اقبال اظہر نے کلمات تشکر اداکرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں نے قیام پاکستان میں کلیدی کردار ادا کیا اور اب ان پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ملک کی قیادت سنبھالیں کیونکہ وہ قوم کا سرمایہ اور ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں۔

متعلقہ عنوان :