ڈسٹرکٹ انٹی ٹی بی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ورلڈ ٹی بی ڈے منایا گیا

جمعہ 24 مارچ 2017 22:48

چیچہ وطنی۔24 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء)ڈسٹرکٹ انٹی ٹی بی ایسوسی ایشن ساہیوال کے زیر اہتمام ورلڈ ٹی بی ڈے 2017ء سیمینار جنرل سیکرٹری پاکستان انٹی ٹی بی ایسوسی ایشن حیدر علی سلیمی کی زیر صدارت منایا گیا ،سیمینار کے مہمان خصوصی سید راشد لطیف ڈائریکٹر ایجوکیشن ساہیوال تھے،سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری حیدر علی نے کہا کہ ورلڈ ٹی بی ڈے ہر سال دنیا بھر میں 24مارچ کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد ٹی بی کو جڑ سے ختم کرنے کا عزم اور جر من سائنس دان رابرٹ گوج کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے جس نے 24مارچ 1882ء کو ٹی بی کا جرثومہ دریافت کیا تھا ،انہوں نے کہا کہ ٹی بی کا سو فیصد علاج ممکن ہے اگر ادویات ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق استعمال کی جائیں ، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سید راشد لطیف نے کہا کہ وطن عزیز سے ٹی بی کے خاتمہ اور آنیوالی نسلوں کو اس مرض سے بچانے کیلئے ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ،سیمینار سے ڈاکٹر مجتبی جمال ،محمود الحسن چوہدری اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔