ضلع کو ڈینگی فری رکھنے کے لیے تمام محکمے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ، ڈپٹی کمشنر

جمعہ 24 مارچ 2017 22:46

ضلع کو ڈینگی فری رکھنے کے لیے تمام محکمے اپنا  بھرپور کردار ادا کریں ..
گوجرانوالہ۔24 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء) ضلع کو ڈینگی فری رکھنے کے لیے تمام محکمے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ، ایسے مقامات جہاں ڈینگی لاروا کی رپورٹ پچھلے سالوں میں مثبت آئی ان پر خصوصی توجہ دی جائے عوام میں ڈینگی سے بچائو کی آگاہی اور شعور مہم مسلسل جاری رکھی جائے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر محمد عامر جان نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایم پی ایز محمد نواز چوہان ، قیصر اقبال سندھو ، اے ڈی سی جنرل ڈاکٹر حفصہ رانی ،سی ای او ہیلتھ سعید اللہ خاں، ڈی او ہیلتھ احسا ن اسد، ڈاکٹر معیذ، ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظ ماحولیات رانا اصغر علی، اسسٹنٹ کمشنرز رانا محمد جمیل، ڈاکٹر رابعہ، نوید الاسلام ، ڈی ایم ایس ڈاکٹر گلزار کالجز ، سکولز ، نجی سکولز کی طرف سے سجاد مسعود چشتی اور دیگر محکموں کے افسران شریک تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سرامکس فیکٹریوں ، قبرستانوں ، تعلیمی اداروں اور دفاتر کی چھتیں باقاعدگی سے چیک کی جائیں ، چھتوں پر پانی کے نکاس کو یقینی بنایا جائے تا کہ وہاں مچھر وں کی افزائش نہ ہو سکے ۔عوام میں ڈینگی سے بچائو کی آگاہی اور شعور مہم مسلسل جاری رکھی جائے ، تعلیمی اداروں اور پبلک مقامات پر سیمینارز اور آگاہی واک کا انعقاد کیا جائے ۔

عدم توجہ کے باعث ایسے مقامات ڈینگی مچھر کی افزائش کے لیے موزں جگہ کی شکل اختیار کر جاتے ہیں جو نہ صرف وہاں رہائش پذیر افراد کی جانوں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ قریبی آبادی بھی متاثر ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ تحصیل ایمرجنسی کمیٹی کے اجلاس باقاعدگی سے کروائے جائیں اور ان میں مقامی قومی ،صوبائی اور بلدیاتی منتخب نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی جائے اور انکی معاونت بھی حاصل کی جائے۔

ڈینگی مچھر اور اس سے بچائو کے لیے بھرپور آگاہی مہم ضرروری ہے ۔ایک ماہ میںشہر کے قبرستانوں کی صفائی جی ڈبلیو ایم اور تحصیلوں میں میونسپل کارپوریشنز کروائیں ، بارشوں کے دوران تعلیمی اداروں کی چھتوں سے نکاس آب کا مناسب انتظام کیا جائے تا کہ مچھر وں کی افزائش کے لیے ساز گار ماحول پیدا نہ ہو ۔ سی ای او ہیلتھ سعید اللہ خاں اجلاس میں بتایاکہ انسداد ڈینگی اقدامات مکمل کر لیے مشینری مکمل طور پر فنکشنل ، کمیکلزاور سپرے کا ضروری سٹاک موجود ہے ، انڈور اور آئوٹ ڈور انسداد ڈینگی سرویلنس سرگرمیاں جاری ، انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت کے ضلعی و تحصیل افسران ان ڈور اور آئوٹ ڈور ٹیموں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کر رہے ہیں، فوکل پرسن ڈاکٹر معیذ نے انسداد ڈینگی اقدامات کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کمیٹی کے ممبران کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ سرکاری ، نجی ہسپتالوں کے ڈینگی سے متعلقہ سٹاف کی ٹریننگ جاری ہے ، سی ایم ایس شکایات ڈیش بورڈ پر آنے والی شہریوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے ۔

سال 2016میں ڈینگی لاروا کے انڈور 31، آئوٹ ڈور 92کیسز رپورٹ ہوئے ، 30فیصد لارواکیسز ایسے مقامات سے رپورٹ ہوئے جہاں اس سے پہلے بھی لاروا پایا گیا تھا ، ایسے مقامات پر مزید سرویلنس بڑھائی جا رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :