پنڈی گھیب ،بسال روڈ پر ٹریفک حادثہ،3 بھائیوں سمیت 4 نوجوان جاں بحق

جمعہ 24 مارچ 2017 22:43

پنڈی گھیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مارچ2017ء) پنڈی گھیب بسال روڈ پر ٹریفک کے المناک حادثہ میں تین بھائیوں سمیت چار نوجوان جاں بحق ہوگئے ، یہ حادثہ موٹر سائیکل اور ویگن کے مابین تصادم کے نتیجہ میں پیش آیا، چاروں طالب علم میٹرک کے امتحان میں شرکت کے بعد گاو،ْں آ رہے تھے ، ان کی میتیں گھر پہنچیں تو کہرام برپا ہوگیا، واقعات کے مطابق تھٹی سیداں کے رہائشی سید سجاد حسین شاہ کے تین صاحبزادے سید ماجد نقوی، سید خاور نقوی، سید سعد نقوی اور سید محمد کاظم نقوی کے صاحبزادے سید کمیل رضا نقوی جنکی عمریں بالترتیب تقریبا 19 ، 18 اور 15 سال تھیں، گزشتہ روز میٹرک کے امتحان کی سیکنڈ شفٹ میں شرکت کے بعد گاو،ْں آ رہے تھے کہ سامنے سے آنے والی تیز رفتار ویگن سے تصادم کے نتیجہ میں چاروں نوجوان شدید زخمی ہوگئے جنہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے ، دریں اثناء ایک اور حادثہ میں تیز رفتار دو موٹر سائیکلوں کے مابین تصادم میں چار افراد شدید زخمی ہوگئے ، ظہور احمد اور محمد اسلم سکنہ نلہڈ گزشتہ شام اپنے گاو،ْں جا رہے تھے کہ سامنے سے آنے والے موٹر سائیکل سوار طالب علم عتیق احمد اور نعمان احمد سے تصادم ہوگیا جس کے نتیجہ میں چاروں افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیںابتدائی طبی امداد کیلئے تحصیل ہیڈ ہسپتال پنڈی گھیب لایا گیا جہاں سے طالب علم نعمان احمد کو تشویشناک حالت میں راولپنڈی شفٹ کر دیا گیا۔