جڑانوالہ،ایس ایس پی آپریشن کی تھانہ ستیانہ میں کھلی کچہری ، عوام نے پولیس کیخلاف شکایات کے انبار لگا دئیے

جمعہ 24 مارچ 2017 22:43

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مارچ2017ء) ایس ایس پی آپریشن رانا معصوم کی تھانہ ستیانہ میں کھلی کچہری ، عوام نے پولیس کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے ، اے ایس آئی کو شوکاز نوٹس جاری۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی آپریشن فیصل آباد رانا معصوم نے تھانہ ستیانہ میں کھلی کچہری کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زیر تفتیش مقدمات کی بروقت یکسوئی کرکے انصاف کی فراہمی کو یقین بنایا جائے اور تھانہ میں آنے والے سائلین کی جائز شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اورعلاقہ سے جرائم کا خاتمہ یقینی بنانے کے لیے گشت کے نظام کو موثر بنایا جائے اور اشتہاریوں و جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔

ڈکیتی چوری و راہزنی کی وارداتوں پر کنٹرول کرنے کے لیے ٹھیکری پہرے کو مزید فعال بنایا جائے اور معززین علاقہ کے تعاون کے بغیر جرائم کا خاتمہ انتہائی ناگزیر ہے پولیس اور عوام کے مابین ماحول کو خوشگوار بنانے کے لیے جلد انصاف کی فراہمی انتہائی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

کھلی کچہری کے دوران اہلیان علاقہ نے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے الزام عائد کیا کہ تھانہ میں رشوت کے بغیر کوئی کام نہیں ہوتا اور پولیس ملازمین عوام کے ساتھ انتہائی ہتک آمیز رویہ اپناتے ہیں۔

منشیات اور جرائم کی شرح میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشن رانا معصوم نے تھانہ ستیانہ کے اے ایس آئی محسن کو شوکاز نوٹس جاری کیا ۔ کھلی کچہری کے دوران ایس ایچ او تھانہ ستیانہ خالد گجر نے کہا کہ کوئی سائل اگر رشوت ثابت کر دے تو وہ نوکری سے استعفیٰ دے دیں گے۔

متعلقہ عنوان :