میرا اولین مقصد اعلیٰ تعلیم کا فروغ، جامعہ کی ترقی اور صوبے میں علم کی روشنی کو پروان چڑھانا ہے، وائس چانسلرجامعہ بلوچستان

جمعہ 24 مارچ 2017 22:35

کوئٹہ۔24مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء) جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال کو 23مارچ یوم پاکستان کے موقع پر اعلیٰ تعلیمی خدمات پر صدارتی ایوارڈ ملنے پر جامعہ کے اساتذہ، آفیسران، ملازمین، طلباء و طالبات سمیت مختلف مقاصد فکر کے نمائندگان نے ان کے چیمبر میں ملاقات اور مبارک باد دیتے ہوئے ان کے صوبے اور خصوصاًًً جامعہ بلوچستان کی ترقی اور اعلیٰ تعلیمی خدمات کو صوبے کے لئے ایک اعزاز قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کو اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ایوارڈ ملنے سے یہ ثابت ہوا کہ بلوچستان کسی بھی شعبے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتا ہے اور بلوچستان ایک مردم خیز سرزمین ہے جس کے نمائندگان اسی طرح صوبے و ملک کی ترقی کے لئے اپنے خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر نے تمام مکتب فکر کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اولین مقاصد میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، جامعہ کی ترقی اور صوبے میں علم کی روشنی کو پروان چڑھانا ہے اور وہ اپنے اسی تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے اپنی تمام توانائیاں صرف کریں گے تاکہ صوبہ تعلیمی میدان میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرسکے۔

یہ ایوارڈ پورے صوبے اور جامعہ بلوچستان کے نام ہے جنہوں نے ہر موقع پر میرا بھر پور ساتھ دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :