میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے تمام دیرینہ مسائل حل کرے گی،میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز

جمعہ 24 مارچ 2017 22:32

میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے تمام دیرینہ مسائل حل کرے گی،میئر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مارچ2017ء) میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز سے اسلام آباد رئیل اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر ز میںملاقات کی ۔ اس موقع پر سی ڈی اے کے ممبر اسٹیٹ کے علاوہ دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ اسلام آباد رئیل اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن نے میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

انہیں سیکٹر I-15 میں پلاٹوں کی ٹرانسفر کے حوالے سے درپیش مشکلات اور این ڈی سی کی معیاد کو بڑھانے کے علاوہ سی ڈی اے کے ون ونڈو ڈائریکٹوریٹ پر کیفے ٹیریاء کی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ دیگرمسائل سے آگاہ کیا۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ گذشتہ کئی دہائیوں سے سیکٹر ڈیویلپمنٹ جیسے اہم شعبے پر کوئی خصوصی دلچسپی نہیں لی گئی جس کے باعث نہ صرف اسلام آباد میں رہائشی ضروریات کو پورا کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پٹرا بلکہ پراپرٹی کی قیمتوں میں بھی بے پناہ اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کے امور کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد موجودہ انتظامیہ نے لینڈ اور اسٹیٹ میں قابلِ ذکر اصلاحات کیں ہیں جن کے تحت بدعنوانی اور دیگر شکایات پر لینڈ و بحالیات ڈائریکٹوریٹ کا عملہ مکمل طور پر تبدیل کرنے کے علاوہ ایسے تمام سیکٹروں جو کئی دہائیوں پہلے کھولے گئے تھے ان پر ترقیاتی کاموں کا اجراء کرا دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ سیکٹر آئی15- جو متوسط طبقے کے لیے کھولا گیا تھااسکو چھوٹے چھوٹے مسائل کے باعث لگا تار نظر انداز کیا جاتا رہا تاہم سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے خصوصی دلچسپی لے کر فلیٹ مالکان کو متبادل پلاٹوں کی الاٹمنٹ بذریعہ قرعہ اندازی کر کے الاٹمنٹ لیٹر جاری کیے اور بہت جلد اس سیکٹر میں ترقیاتی کام بھی شروع کر دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیکٹر آئی 11- ،سیکٹر ڈی 12-، ای 12- ، آئی14- ، آئی16- سمیت تمام سیکٹروں کے ترقیاتی کاموں کے اجراء میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے کے لیے متعلقہ شعبے کام کر رہے ہیں۔میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ممبر اسٹیٹ کو ہدایت کی کہ اسلام آباد رئیل اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے جائز مسائل کے حل کے لیے قابلِ عمل تجاویز پیش کی جائیں تاکہ ان کا ازالہ ہو سکے۔ انہوں نے ممبر اسٹیٹ کو ہدایت کی کہ ون ونڈو ڈائریکٹوریٹ کو مزید اپ گریڈ کرنے کے علاوہ وہاں آنے والے لوگوں کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :