کلر سیداں،راولپنڈی میں طیارہ گرنے کی بے بنیاد اور غلط خبر نشر کرنے پر پیمراکا9 ٹی وی چینلوں کواظہار وجوہ کے نوٹس،31مارچ تک جوابدہی کا حکم

جمعہ 24 مارچ 2017 22:26

کلر سیداں،راولپنڈی میں طیارہ گرنے کی بے بنیاد اور غلط خبر نشر کرنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مارچ2017ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نو (9) ٹی وی چینلوں ،اب تک ٹی وی، وقت ٹی وی، چینل 5، سچ ٹی وی، 7نیوز، آج ٹی وی، روز ٹی وی، نیوز ون اور کیپیٹل ٹی وی کو مؤرخہ22مارچ2017؁ء شام8سے 9 بجے کے درمیان کلر سیداں،راولپنڈی میںطیارہ گرنے کی خبر نشرکرنے پر جو کہ قطعی طور پر بے بنیاد اور غلط(fake) تھی اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کرتے ہوئے سات (07)یوم یعنی مؤرخہ31مارچ 2017؁ء سہ پہر4بجے تک جواب طلب کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

اظہار وجوہ کے مطابق ٹی وی چینلز کو یہ بات واضح تھی کہ ایسی کسی بھی خبر کا نشر کرنا پیمرا ترمیمی ایکٹ 2007کی شق (f) 20، پیمرا رولز، 2009 کے رول 15(1) اور ضابطہٴ اخلاق برائے برقی میڈیا کی شقوں4(1), (7)(a) اور 3(1)(i)کی صریحاًخلاف ورزی ہے مذکورہ ٹی وی چینلوں کی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ مقررہ تاریخ تک اپنے اس اقدام کی وضاحت کریں اور بتائیں کہ کہ کیوں نہ سیکشن 29کے تحت ان پر 10لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے یا سیکشن 30کے تحت ان کے لائسنس ضبط کئے جائیں ۔ مقررہ معیاد تک جواب نہ ملنے کی صورت میں پیمرا یکطرفہ کاروائی کرنے کا مجاز ہوگا۔