کرپشن کے خاتمے کے لئے احتساب کے کلچر کو فروغ دیناہوگا،ڈائریکٹر نیب

جمعہ 24 مارچ 2017 21:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مارچ2017ء) ڈائریکٹر انویسٹی گیشن ونگ نیب کراچی ظفر اقبال خان نے کہا کہ کرپشن ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے جس سے ریاستوں کے استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں اور اس سے دنیا بھر میں بے انتہا سماجی ،سیاسی اور معاشی مسائل جنم لے رہے ہیں۔کرپشن پر قابوپانے کے لئے احتساب لازمی ہے،ملک کے ہر ادارے میں کرپشن کے خاتمے کے لئے احتساب کے کلچر کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے کرپشن کو شکست دینا ناگزیر ہے۔نیب ملک کے نوجوانوں کو کرپشن کے خطرناک اثرات کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ نیب اکیلے کرپشن کا خاتمہ نہیں کرسکتی ،ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام ادارے اور اسٹیک ہولڈرز کرپشن کے خاتمے کے لئے نیب اور دیگر انسدادکرپشن کے اداروں سے تعاون کریں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے زیر اہتمام انسدادکرپشن کے حوالے سے کلیہ علم الادویہ کی سماعت گاہ میں منعقدہ آگاہی سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم کرپشن کے ذریعے اپنے معاشرے کو تباہ کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔نوجوانوں کو چاہیئے کہ ملک کی فلاح وبہبود کے لئے اپنا کلیدی کردار اداکریں۔انسداد کرپشن اور کرپشن فری معاشرے کے قیام میں تعلیمی اداروں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔نیب نے اپنے قیام سے لے کراب تک بہترین نتائج برآمد کئے ہیں ،نیب کے پاکستان میں 07 ریجنل بیوروزاور دوفیلڈ آفسزہیں ۔

نیب کراچی نے گذشتہ 11 ماہ کے دوران انتہائی قابل تحسین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔2015 ء میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر صدر پاکستان کی جانب سے نیب کراچی کو ٹرافی سے بھی نوازاگیا۔گذشتہ گیارہ ماہ کے دوران نیب کراچی نے 5927 شکایات پر کاروائی کی ،120 انکوائریز جبکہ 76 تحقیقات کیں۔2016 ء میں 100 سے زائد ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائرکئے گئے ،جبکہ 125 افراد کو کرپشن میں ملوث ہونے پر گرفتار کیاگیا۔اس موقع پر رئیس کلیہ علم الادویہ پروفیسر ڈاکٹر اقبال اظہر نے کلمات تشکر اداکرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں نے قیام پاکستان میں کلیدی کردار اداکیا اور اب ان پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ملک کی قیادت سنبھالیں کیونکہ وہ قوم کا سرمایہ اور ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں۔

متعلقہ عنوان :