عوام 2018کے انتخابات میں جھاڑوں لیکر نکلیں، الطاف شکور

جمعہ 24 مارچ 2017 21:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مارچ2017ء)پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ کرپٹ حکمرانوں سے ملک و قوم کو چھٹکارہ دلانے کیلئے پاسبان ان تمام پارٹیوں سے اتحاد کریگی جو ملک اور قوم کیلئے مخلص ہیں، جب تک اسمبلیوں میں کچرا صاف نہیں ہوگا اس وقت تک شہر کا کچرا صاف نہیں ہوسکتا،کیونکہ اصل کچرا حکومتی ایوانوں میں ہیں،حکومتی ایوانوں سے کچرا صاف کرنے کیلئے عوام 2018کے انتخابات میں جھاڑوں لیکر نکلیں ۔

عوام کو مہاجر ،بلوچ ،پٹھان ،سرائیکی ،سندھی ،ہزارے وال ،افغانی ،شیعہ ،سنی ،دیوبندی اور بریلوی میںتقسیم کرکے مسلمانیت اور پاکستانیت ختم کردی گئی اور انہیں آپس میں لڑایا گیا ۔ملک بھر کے مظلوم عوام کو متحد ہوکران بتوں کو توڑنا ہوگا اور کرپٹ حکمرانوں سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے میدان عمل میں آنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

عوام کو اب تک نہ حقوق ملے اور نہ ہی بجلی ،پانی صحت صفائی کے مسائل سے نجات ملی ۔

پاسبان ،عام لوگ اتحا د اور اس میں شامل دیگر چھوٹی جماعتیں2018کے انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لیںگی اور قوم کو قائد اعظم محمد علی جناح ؒکا پاکستان اور علامہ اقبالؒ کے خوابوں کی تعبیر دیگی۔وہ شاہنواز بھٹو کالونی میں پاسبان کے زیر اہتمام دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر پاسبان پاکستان کے جنرل سیکریٹری عثمان معظم صدیقی ،سابق قومی محاذ آزادی کے لیڈر و سینئر سیاستدان اظہر جمیل ،پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد ،جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار ،ڈسٹرکٹ سینٹرل کے آرگنائزر سیف الاسلام بخاری نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر محمد رضوان الحق ،محمد اسلم ،محمد مرسلین و دیگربھی موجود تھے ۔

عثمان معظم صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کے حقوق غضب کرنے والے شریف اور عوام کا حق مانگنے والے مجرم بنادیئے جاتے ہیں ۔ پاسبان پاکستان غریب عوام کے حقوق کی جنگ لڑرہی ہے ۔ چھوٹی جماعتوں کا اتحاد مظلوم عوام کیلئے امید کی کرن ہے ۔ بزر گ سیاستدان اظہر جمیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمران خان پہلے اپنی پارٹی سے کرپشن ختم کریں اس کے بعد کرپشن کے خلاف تحریک چلائیں۔