غیر حاضر افسران و ملازمین کو کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں برداشت نہیں کیا جائے گا،سید ناصر عباس

جمعہ 24 مارچ 2017 21:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مارچ2017ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید ناصر عباس نے کہا ہے کہ غیر حاضر افسران و ملازمین کو کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ کے ڈی اے ایمپلائز کارڈ کا اجراء کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے گھوسٹ ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے۔ کے ڈی اے کے افسران و ملازمین مستقل بنیادوں پر دفتری حاضری یقینی بنائیں اور دفاتر میں صفائی ستھرائی کے لئے بہتر انتظامات کئے جائیں ۔

یہ بات انہوں نے سوک سینٹر میں موجود کے ڈی اے کے مختلف دفاتر کے دورہ کے موقع پر کہی۔ ڈی جی کے ڈی اے نے ریکوری ڈپارٹمنٹ کے دورہ کے دوران غیر حاضر عملے کے خلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام غیر حاضر افسران و ملازمین کو برطرف کرکے تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے، لینڈ ڈپارٹمنٹ اور پبلک ہائوسنگ اسکیم کے دفاتر کی دفتری حاضری پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کے ڈی اے کے تمام دفاتر میں صفائی و ستھرائی کے بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے،جبکہ کے ڈی اے فنانس اینڈ اکائونٹ ڈپارٹمنٹ بجٹ سیکشن کے عملے کی مکمل حاضری کو ڈی جی کے ڈی اے نے سراہتے ہوئے کہا کہ کے ڈی اے افسران و ملازمین بلاامتیاز شہریوں کی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں جلد ہی بائیو میٹرک سسٹم کا نظام بھی متعارف کرادیا جائے گا جس سے افسران و ملازمین پر کڑی نظر رکھنے میں اور مستقل بنیادوں پر دفتر میں حاضری چیک کرنے میں مدد ملے گی، گھوسٹ ملازمین کے لئے کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں کوئی جگہ نہیں ان کے خلاف بھرپور کارروائی کی جارہی ہے،ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ ملازمین اپنی پیشہ وارانہ خدمات دلجمعی کے ساتھ ادا کریں اور شہر کراچی کی ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ دورہ کے موقع پر ڈی جی کے ڈی اے کے ہمراہ چیف سیکورٹی آفیسر کیپٹن (ر) الطاف راجپوت، ڈائریکٹر ایڈمن انجینئرنگ محبوب عالم، ڈی جی کے ڈی اے کے پرسنل اسٹاف آفیسر ریاض احمد راشد، میڈیا کو آرڈی نیٹر اکرم ستار و دیگر افسران موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :