یوم پاکستان کی شاندار تقریبات نے ثابت کر دیا کہ پاکستان اندرونی و بیرونی طورپر بہت مضبوط ہے،پاکستان کی سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی دُشمن کی کوششیں ناکامی سے دو چارہوئیں ہیں

وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہرکا تھوتھیاں خردُ میں گیس فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 24 مارچ 2017 21:43

یوم پاکستان کی شاندار تقریبات نے ثابت کر دیا کہ پاکستان اندرونی و بیرونی ..
ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مارچ2017ء) وفاقی وزیربرائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر پورے ملک میں شاندار تقریبات سے یہ امر ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان اندرونی و بیرونی سطح پر بہت مضبوط ہے۔ وہ جمعہ کو ضلع شیخوپورہ کی تحصیل صفدر آباد کے نواحی قصبے تھوتھیاں خردُ میں گیس فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

انہوںنے کہا کہ یوم پاکستان کی تقریبات کو گلگت بلتستان ،آزادکشمیر اور فاٹا سمیت پورے ملک میں انتہائی جوش وجذبے سے منایا گیا جواس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ سست سے لے کر گوادر تک پوری پاکستانی قوم ملک کی ترقی وخوشحالی کے لیے پرُ عزم ہے اور یہ کہ وہ ملک کے خلاف ہونے والی ہر قسم کی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے چین،سعودی عرب،اور ترکی کی افواج کی جانب سے یوم پاکستان کے موقع پر مارچ پریڈمیں شرکت کرنے پر ان ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی دُشمن کی خواہشات ناکامی سے دوچار ہو رہیں ہیں اور خطے کے ان اہم ممالک کی یوم پاکستان کے موقع پر شرکت ایک طرف پاکستان کے ان ممالک سے استوار دوستانہ و برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں، تو دوسری جانب خطے میں پاکستان کی جعفرافیائی اہمیت کو بھی واضح کرتا ہے۔

چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ محمدنواز شریف کی قیادت میںمسلم لیگ(ن) کی حکومت پاکستان کو دفاعی اعتبار سے مضبو ط کرنے کے بعد پاکستان کو معاشی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنانے کے ایجنڈے پر پورے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے جس کا دُنیا کے ہر فورم پر اعتراف کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2013 ء کے بعد سے اب تک ہر سال پاکستان کے لیے پچھلے دو دہائیوں میں خوشحال ترین سال ثابت ہو ئے ہیں جن میں پاکستان سے متعلق دُنیا کے ہرکونے سے اچھی اور مثبت خبریں سامنے آرہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محمدنواز شریف کی قیادت میں آنے والے سال پچھلے سالوںسے بھی زیاد ہ خوشحال ثابت ہوں گے اور محمدنوازشریف کے پاکستان سے متعلق وژن کی تکمیل سے پاکستان دُنیا کے نقشے پر اور بھی مضبوط اور ذمہ دار حیثیت سے اُبھرے گا۔