وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس،ملک میں جاری چھٹی قومی خانہ و مردم شماری پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا

جمعہ 24 مارچ 2017 21:34

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس،ملک ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء) ملک میں جاری چھٹی قومی خانہ و مردم شماری پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون زاہد حامد، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قانون بیرسٹر ظفر الله خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے شماریات خواجہ ظہیر احمد، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری شماریات ڈویژن نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر چیف شماریات نے اجلاس کو بتایا کہ مردم شماری کے پہلے مرحلہ کی سرگرمیاں سات دن سے جاری ہیں۔ ملک بھر کے 40 ہزار بلاکس میں شماریاتی کام بلاتعطل جاری ہے۔ پہلے مرحلہ کے تحت کافی کام بھی مکمل کیا جا چکا ہے اور تمام شماریاتی سرگرمیاں رائج طریقہ کار کے مطابق مکمل کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خزانہ نے مردم شماری کے کام میں مصروف فوجی عملہ سمیت تمام اہلکاروں کی لگن کو سراہا اور اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں 19 سال کے بعد اس قومی ذمہ داری کو پورا کرنے کا سہرا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے سر ہے، یہ تمام عملہ شفاف انداز میں بین الاقوامی سطح پر رائج بہترین طریقوں کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔ اسحاق ڈار نے خواجہ ظہیر احمد کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے شماریات مقرر کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ مردم شماری کے پورے عمل میں سامنے آنے والی شکایات کے ازالہ کیلئے انتظامی اور سیاسی سطحوں پر تمام شراکت داروں کے مابین رابطے بڑھانے کیلئے کردار ادا کریں گے۔ وزارت خزانہ اور شماریات ڈویژن کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :