آئندہ عام انتخابات شفافیت اور ساکھ کے لحاظ سے تاریخی ہوں گے،چیف الیکشن کمشنر

جمعہ 24 مارچ 2017 21:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء) چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات شفافیت اور ساکھ کے لحاظ سے تاریخی ہوں گے۔ وہ جمعہ کوالیکٹورل مینجمنٹ کورس کے چوتھے بیچ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات گذشتہ انتخابات کی نسبت زیادہ چیلنجنگ ہوں گے کیونکہ اس کیلئے ساکھ اور دیانتداری کی ضرورت ہو گی۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آزادانہ، غیر جانبدارانہ انتخابات کا مقصد اسی صورت پورا ہو سکتا ہے جب پورے جذبہ کے ساتھ ان اصولوں پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی انتخابی سرگرمیوں کو قانون میں طے کئے گئے اصولوں اور الیکشن کمیشن کی پالیسیوں کے مطابق بنایا جائے گا، ہم زیادہ شفاف اور قوم کیلئے قابل اعتماد انتخابات کی تیاری کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کورس کے شرکاء پر زور دیا کہ الیکشن کے دن ان کی کارکردگی قابل فخر ہو گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس ٹریننگ سے شرکاء کے علم اور پیشہ وارانہ مہارت میں مزید بہتری آئے گی۔ بعد ازاں کورس کے شرکاء کو سرٹیفکیٹ بھی دیئے گئے۔

متعلقہ عنوان :