نیسپاک کے اعلیٰ عہداران کی 4ررکنی ٹیم کی قائمقام آئی جی پولیس خیبر پختونخوا سے ملاقات

جمعہ 24 مارچ 2017 21:26

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مارچ2017ء) نیشنل انجنیئرنگ سروسز پاکستان (نیسپاک) کے اعلیٰ عہداران پر مشتمل ایک چاررکنی ٹیم نے جمعہ کو قائمقام انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا سید اختر علی شاہ سے اُن کے دفتر واقع سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ملاقات کی۔ پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس میں سیف سٹی پراجیکٹ پشاورکے خدوخال، بنیادی ڈھانچے اور اس کو جلد از جلد پایہٴ تکمیل تک پہنچانے کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہاں یہ امر قابل ذکر رہے کہ گذشتہ روز قائمقام آئی جی پی سید اختر علی شاہ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے ملاقات کے دوران سیف سٹی پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ پیش کی تھی۔ وزیراعلیٰ نے اُن کو متعلقہ محکموں سے رابطہ کرکے سیف سٹی پراجیکٹ پر جلد از جلد کام شروع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

(جاری ہے)

آج کا اجلاس وزیراعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں منعقدکیا گیا۔

یہاں یہ بھی واضح رہے کہ نیسپاک پاکستان بھر میں شروع کردہ سیف سٹی پراجیکٹ کے لیے مشاورت کے طور پرکام کررہا ہے۔ اجلاس کے دوران سیف سٹی پراجیکٹ پشاور کے منصوبے پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اور اس منصوبے کے بنیادی خدوخال اور ڈھانچے پر بحث کی گئی۔ پولیس کے اعلیٰ حکام اور نیسپاک ٹیم کے مابین سیف سٹی پراجیکٹ کو موجودہ حکومت کے ویژن کے مطابق جلد از جلد پایہٴ تکمیل تک پہنچانے کے لیے فوری لائحہ عمل اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اور اس سلسلے میں دونوں کے مابین اگلا اجلاس بہت جلد منعقدہ ہونے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :