قوم کو درپیش مسائل کا حل غریبوں کو آگے لانے میں مضمر ہے ،ہم انہیں آگے لائیں گے تو ملک خوشحال ہوگا،الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں دکھی انسانیت کی فلاح وبہبود کیلئے جو کر رہی ہے وہ لائق تحسین ہے

قومی کر کٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کا ڈونرز کانفرنس سے خطاب

جمعہ 24 مارچ 2017 21:24

قوم کو درپیش مسائل کا حل غریبوں کو آگے لانے میں مضمر ہے ،ہم انہیں آگے ..
کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مارچ2017ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ ملک اور قوم کو درپیش مسائل کا حل غریبوں کو آگے لانے میں مضمر ہے ۔ہم غریبوں کی مدد کریں گے انہیں آگے لائے گے تو اس سے ملک خوشحال ہوگا۔اسلام نے یتیموں کی کفالت کا درس دیا ہے ،قرآن اور احادیث میں یتیموں کی کفالت کا بار بار ذکر اس بات کا ثبوت ہے کہ اسلام حقیقی معنوں میں یتیموں اور مسکینوں کا خیر خواہ مذہب ہے۔

بدقسمتی سے ہمارے ملک میں یتیم بچوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے جس کے پیش نظر حکومت اور فلاحی اداروں کو مل کر جدوجہد کرنی چاہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں دکھی انسانیت کی فلاح وبہبود کے لئے جو کر رہی ہے وہ لائق تحسین ہے۔وہ بروز جمعہ کوہاٹ میں الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت یتیم بچوں کے لئے آغوش ہوم کے منتظمین اور اس حوالے سے منعقدہ ڈونرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کوہاٹ کی مخیر شخصیات سے اپیل کی کہ وہ یتیم بچوں کی کفالت کیلئے شروع کئے جانے والے اس فلاحی منصوبے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ میںنے پشاور میں الخدمت کے آغوش سنٹر کا دورہ کیا اور وہاں پر یتیموں کی کفالت کے بہترین انتظام سے متاثر ہوکر فیصلہ کیا کہ کوہاٹ میں مجوزہ آغوش ہوم کے قیام میں الخدمت کے ساتھ بھر پور تعاون کروں گا۔انہوں نے کہا کہ صرف ہماری نمازیں شاید ہمیں جنت نہ لے جا سکے لیکن یتیموں کی کفالت جنت کے حصول کا زریغہ ضرور بنے گی۔اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر عبدالشکور اور صوبائی صدر خالد وقاص نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوہاٹ میں 13 کنال رقبے پر صوبے کے سب سے بڑے مجوزہ آغوش الخدمت ہوم کی ہاسٹل بلاک پر 80 ملین روپے اور سکول کی عمارت کی تعمیر پر 33 ملین روپے لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ دسمبر 2018 ء تک مکمل کیا جائے گا۔

جس میں کوہاٹ او رگردنواح سے تعلق رکھنے والے 200 بچوں کی کفالت کابہترین انتظام ہوگا۔ آغوش الخدمت ہوم کوہات کے لئے علاقے کے ممتاز سماجی شخصیت حاجی سعد اللہ شاہ نے زمین جبکہ حاجی غلام علی نے تعمیراتی کام کے آغاز کیلئے ایک کروڑ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے شاہد خان آفریدی اور حاجی سعد اللہ شاہ کو تفسیر تفہیم القرآن کے سیٹ تحفے میں پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :