ہزارہ یونیورسٹی باٹنی ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تعزیتی ریفرنس

جمعہ 24 مارچ 2017 21:20

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے باٹنی ڈیپارٹمنٹ کے مرحوم پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا جس میں کثیر تعداد میں اساتذہ، پروفیسرز، افسران اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر اذکیا ہاشمی چیئرمین اسلامک سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ، پروفیسر ڈاکٹر فدا عباسی چیئرمین ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ، پروفیسر ڈاکٹر منظور حسین چیئرمین باٹنی ڈیپارٹمنٹ، ڈاکٹر محمد آفتاب افضل باٹنی ڈیپارٹمنٹ، اکبر خان ڈائریکٹر فنانس اور شجاعت علی خان ایڈیشنل رجسٹرار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد افضل مرحوم کی رحلت جہاں طلباء و طالبات اور اساتذہ کیلئے دکھ اور غم کی وجہ ہے وہاں یونیورسٹی اور باٹنی ڈیپارٹمنٹ بھی ایک قابل، محنتی، دیانتدار اور اپنے پیشے سے لگاؤ رکھنے والی شخصیت سے بھی محروم ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یونیورسٹی میں قیام کے دوران تعلیم و تحقیق کیلئے ایسی خدمات سرانجام دی ہیں جو ایک معلم کا شیوہ ہوتا ہے۔ مقررین نے کہا کہ ڈاکٹر محمد افضل مرحوم کی جدائی کو ہمارے ذہن قبول نہیں کر رہے لیکن الله رب العزت کا ایک نظام ہے، سب نے اپنی منزل کی طرف مقررہ وقت پر جانا ہے لیکن ڈاکٹر محمد افضل مرحوم کی شخصیت کو آج یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والا ہر ملازم، استاد اور طالب علم محسوس کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک ایسی شخصیت تھے جو ہمارے دلوں اور ذہنوں میں ہمیشہ موجود رہے گی۔ تعزیتی ریفرنس میں مرحوم کیلئے بلندی درجات اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :