عوام کی خدمت اور تعمیر و ترقی میرا مشن ہے، عہد ہ نہ ہوتے ہوئے بھی علاقہ میں کروڑوں کے ترقیاتی کام کروائے، ملک فیصل اقبال

جمعہ 24 مارچ 2017 21:20

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء) عوام کی خدمت اورتعمیر و ترقی میرا مشن ہے، کوئی عہد ہ نہ ہوتے ہوئے بھی اپنے علاقہ میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی کام کروائے، ان کاموں کا کر یڈٹ سب سے زیادہ یوسف ایوب خان اور اکبر ایوب خان کو جاتا ہے، ہونے والے مجوزہ جلسہ میں ملکیار کے عوام بھرپور شرکت کر کے اپنے عظیم محسنوں سے والہانہ محبت کا ثبوت دیں گے۔

ان خیالا ت کا اظہار ناظم ویلج کونسل ملکیار اور نیبرہڈ ناظمین ایسوسی ایشن کے صدر ملک فیصل اقبال خان نے جمعہ کو ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے۔ اس موقع پر معروف ماہر تعلیم اور ملکیار کی سماجی شخصیت سرفراز خان، سابق ممبر تحصیل کونسل ملک رزمت خان، سینئر صحافی راجہ سعادت، معروف کاروباری و سماجی شخصیت جمیل خان، اعجاز ترین، عمیر عباسی، آصف خان، ملک وحید، معظم خان کے علاوہ دیگر عمائدین علاقہ نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ ملکیار کی تعمیر و ترقی یوسف ایوب خان اور اکبر ایوب خان کی مرہون منت ہے جنہوں نے ملک فیصل کی کوششوں سے ملکیار میں کروڑوں روپے کے منصوبے مکمل کروائے لہٰذا ان کے ان احسانوں کا بدلہ ہمیں ہر صورت چکانا چاہئے، ان کی خدمات کے اعتراف کیلئے اس جلسہ کو کامیاب بنانا انتہائی ضروری ہے۔ اس موقع پر مقررین نے تجویز دی کہ مذکورہ شخصیات کے تعاون سے علاقہ میں مزید ترقیاتی فنڈز بھی حاصل کئے جائیں۔

میزبان ملک فیصل اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہونے والے ترقیاتی کام فقط میری جدوجہد کا نتیجہ نہیں بلکہ یہ میرے ساتھیوں کے ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، میں نے آج تک اپنی ذات کیلئے کوئی کام نہیں کیا بلکہ میری ہر کاوش کا مطمع نظر میری عوام ہوتی ہیں، انشاء الله ہونے والے جلسہ میں علاقہ کیلئے مزید ترقیاتی منصوبوں کیلئے کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے تمام شرکاء کی جانب سے بھر پور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان میرا دست و بازو اور جان ہیں، بزرگوں کی رہنمائی و مشاورت سے ہم علاقہ کی ترقی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :