ایمرجنسی میں مریضوں کو انتظار کی زحمت سے بچانے کیلئے موثر حکمت عملی وضع کی جائے ،ڈپٹی کمشنر

جمعہ 24 مارچ 2017 21:08

رحیم یارخان۔24 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء)ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا نے شیخ زید ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ایمرجنسی میں مریضوں کو انتظار کی زحمت سے بچانے کے لئے موثر حکمت عملی وضع کی جائے ، ہسپتال ایمرجنسی میں صفائی کے اعلیٰ انتظام کو برقرار رکھنے کے لئے متعلقہ شفٹ انچارج ہر گھنٹے بعد عملہ صفائی کی کارکردگی اور حاضری چیک کر کے اپنے ریمارکس لکھے۔

شیخ زید ہسپتال کے تمام شعبوں میں مریض اور ورثاء کی رہنمائی کے لئے الیکٹرونکس معلوماتی بورڈ آویزاں کئے جائیں جبکہ تمام وار ڈز میں موجود ہیڈ نرسز اپنے وارڈ میں صفائی ، مریضوں کو چادریں، بیڈ شیٹ ، تکیے اور گرمی کی مناسبت سے پنکھے و ائیر کنڈیشنز فعال رکھنے کی پابند ہوں گی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا نے خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے لئے پراجیکٹ ڈائریکٹر /وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کے ہمراہ دورہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے زیر تعمیر چھ اکیڈمک بلاکس پر کام تیز رفتای سے جاری رکھتے ہوئے اس امر کا خاص خیا ل رکھا جائے کہ کام کی تیز ر فتاری معیار پر اثر انداز نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اس کی بروقت اور معیاری تکمیل میں غیر معمولی دلچسپی لے رہے ہیں لہذا اس کے تعمیراتی کاموں میں استعمال ہونے والا میٹریل حکومتی معیار کے مطابق ہونا چاہیے۔اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر اطہر محبوب کی جانب سے جاری ترقیاتی کاموں بارے بریفنگ دی گئی۔