علاقائی تعمیر و ترقی کیلئے فنڈزکی فراہمی پراعلیٰ قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ملک علی قادر عباس

جمعہ 24 مارچ 2017 21:08

اوکاڑہ۔24 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء)وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کے ویژن کو خراج تحسین پیش کرتے ہیںکہ انہوں نے ضلع کی سطح پر شراکت داری کیلئے عوامی نمائندوں کو مضبوط اور علاقائی تعمیر و ترقی کیلئے فنڈز فراہم کئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین ضلع کونسل ملک علی قادر عباس نے ضلع اوکاڑہ کے بجٹ اجلاس کے موقع پر کیا۔

اجلاس میںضلع کونسل اوکاڑہ کا مالی سال 2016-17کا عرصہ 1-1-2017تا 30-06-2017چھ ماہ کا 28کروڑ 89لاکھ28ہزار500روپے کا فاضل بجٹ ضلع کونسل ہائوس سے اکثریت سے منظورمتوقع اخراجات کا تخمینہ 26کروڑ 99لاکھ6ہزار 500روپے لگایا گیا ہے۔ ضلع کونسل کا اجلاس وائس چیئرمین ضلع کونسل صباحت علی خان کی زیر صدارت ہوا جس میں چیئرمین ضلع کونسل ملک علی قادر عباس وائس چیئرمین رائو سعد اجمل خان اراکین ضلع کونسل شریک ہوئے ملک علی قادر عباس نے بجٹ پیش کیا جسے اکثریت رائے سے منظور کیا گیا۔

(جاری ہے)

ممبران ضلع کونسل نے متوازن بجٹ پیش کرنے پر ملک علی قادر عباس کو مبارکباد پیش کی اور ضلع میں تعمیر و ترقی اور عوام کے مسائل حل کرنے کا یقین دلایا ملک علی قادر عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ضلع میں تعمیر و ترقی کے نئے باب کا آغاز ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب عوام کو جواب دہ ہیں ضلع کی تعمیر و ترقی اور لوگوں کی مشکلات و مسائل کے حل کے لیے تمام اراکین ضلع کونسل کو ساتھ لے کر چلنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

ضلع میں میرٹ شفافیت کے کلچر کو فروغ دیا جائے گا کفایت شعاری کے رہنما اصولوں کو مانتے ہوئے تمام ممکنہ وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیے جائیں گے۔ قبل ازیں اراکین ضلع کونسل نے ضلع کونسل کے ہائوس کی کاروائی کو چلانے آئندہ لائحہ عمل اور ضلع کونسل کے ہائوس کی ترقی سے متعلق تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں دومرحوم اراکین ضلع کونسل کے ایصال و ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔