ڈیرہ غازی خان سمیت 16اضلاع میں 28مارچ کو شیلٹر لیس افراد کا اندراج کیا جائے گا، عارف انور بلوچ

جمعہ 24 مارچ 2017 21:05

ڈی جی خان۔24 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء)صوبائی کمشنر شماریات پنجاب عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازیخان ڈویژن سمیت پنجاب کے 16اضلاع میں پہلے مرحلے کے تحت مردم شماری جاری ہے 28مارچ کو شیلٹر لیس افراد کا اندراج کیا جائے گا۔ 29مارچ کو مٹیریل جمع کراکے 30مارچ کو نیا مٹیریل حاصل کیاجائے گا اور انہی اضلاع میںرہ جانے والے بلاکس کی خانہ و مردم شماری 31مارچ سے شروع کی جائے گی ․مردم شماری کی ٹیموں کو ٹرانسپورٹ ، سکیورٹی ، اعزازیہ اوردیگر سہولیات کا خیال رکھا جائے۔

انہوں نے یہ بات سرکٹ ہاوس ڈیرہ غازیخان میں متعلقہ افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوںنے کہاکہ عوام میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے منتخب نمائندوں کو ساتھ لیاجائے اور وہ خود گھر پر جا کر افراد کے اندراج کا فارم پر کریں انہوںنے کہا کہ حکومت کی ہدایت پر کمشنر ، ڈپٹی کمشنرز ،اسسٹنٹ کمشنرز بھی مردم شماری کی ٹیموں کی نگرانی کے ساتھ خود بھی فارمو ںکے اندراج کویقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

صوبائی کمشنر نے کہاکہ ڈویژنل ، ضلع و تحصیل سطح پر قائم کنٹرول رومز کو فنکشنل رکھا جائے۔ اجلاس میں ضلع ڈیرہ غازیخان کی خانہ و مردم شماری کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر جائنٹ کمشنرشماریات اکبر علی خان ڈوگر ، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن اظفر ضیاء، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر حسین چانڈیہ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عبدالشکور ، پولیٹیکل اسسٹنٹ ٹرائیبل ایریا بابر بشیر ، اسسٹنٹ کمشنر جنرل محمد اسد ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ غازیخان محمد خالد گوپانگ ، اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ عبدالجبار ، اسسٹنٹ کمشنر تونسہ عبدالغفار، ڈویژنل رکن سینسس کوآرڈینیشن کمیٹی ثریا مجید رانا ، ڈویژنل کوآرڈینیٹر شماریات اخلاق احمد سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے علاوہ ازیں جائنٹ کمشنر شماریات اکبر علی خان ڈوگر نے ڈیرہ غازیخان کے مختلف علاقوں میں کام کرنے والی مردم شماری کی ٹیموں کو چیک کیا اور فارم کے اندراج کے طریقہ کار کے ساتھ ساتھ مختلف سوالات کیے ۔