Live Updates

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت پنجاب پبلک سروس کمیشن کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس، کارکردگی پر اظہار اطمینان

پنجاب حکومت نے میرٹ اور شفافیت کے کلچر کو فروغ دیا ،بھرتیاں صرف اور صرف میرٹ پر کی گئی ہیں،میرٹ اور شفافیت ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل کرنے کا واحد ذریعہ ہے، عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار باصلاحیت ٹیلنٹ سامنے لانا حکومت کا مشن ہے،اس حوالے سے کمیشن بھرپورکردار ادا کرے،پنجاب پبلک سروس کمیشن کوجدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مکمل طور پر عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 24 مارچ 2017 20:28

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت پنجاب پبلک سروس کمیشن کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس، ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت جمعہ کو یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد اکرم نے ادارے کی سال 2016 ء کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کی کارکردگی کو سراہا اور پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کو مضبوط اور خوب سے خوب تر بنانے کیلئے تسلسل کے ساتھ اقدامات جاری رکھے جائیں اور ادارے میں جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر اسے مکمل طور پر عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کے انٹرویوز ویڈیو لنک اور سکائپ کے ذریعے کرنے کے انتظامات کئے جائیںتاکہ امیدواروں کوسہولت ملے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے پورے نظام کو آن لائن کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے تمام ڈویژنوں میں ریجنل آفس کے علاوہ بڑے شہروں میں بھی ادارے کو وسعت دینے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی تمام سفارشات کا جائزہ لے کر حتمی پلان مرتب کرنے کے ساتھ سروس رولز کی بہتری، پری سروس ٹریننگ اور دیگر امور کا بھی جائزہ لے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور شفافیت کیلئے چیک اینڈ بیلنس کا نظام ضروری ہے اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار باصلاحیت ٹیلنٹ سامنے لانا حکومت کا مشن ہے، اس حوالے سے پنجاب پبلک سروس کمیشن کو اپنا بھرپور اور موثر کردار ادا کرنا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ میرٹ اور شفافیت ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل کرنے کا واحد ذریعہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں میرٹ اور شفافیت کے کلچر کو فروغ دیا ہے اور تمام اداروں میں بھرتیاں صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہیں۔

انہو ںنے کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ممبران کی تعداد بھی بڑھائی جائے اور پنجاب پبلک سروس کمیشن اپنی کارکردگی بہتر سے بہتر بنانے کیلئے معروف کنسلٹنٹس کی خدمات کے حصول کا بھی جائزہ لے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ہیڈ آفس کو ایل ڈی اے پلازا منتقل کیا جائے گا۔ چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد اکرم نے ادارے کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ، دیانت اور شفافیت پنجاب پبلک سروس کمیشن کا طرئہ امتیاز ہے۔

ادارے میں شفافیت، میرٹ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ادارے کو عوام کا اعتماد حاصل ہوا ہے۔ صوبے کے 7 ڈویژنوں میں ادارے کے ریجنل دفاتر قائم کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کی شکایات کے ازالے کیلئے آن لائن نظام نتیجہ خیز ثابت ہوا ہے۔انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت کو کریڈٹ جاتا ہے کہ اس نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کو مکمل بااختیار بنایا ہے اور ہر سطح پر تعاون کیا ہے اورآج تک کسی جانب سے کوئی سفارش نہیں کی گئی۔

یہ صوبے میں گڈگورننس کے قیام کے حوالے سے اہم اقدام ہیں۔انہوںنے کہا کہ گزشتہ برس جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کی بڑی تعداد مختلف ملازمتوں کیلئے انٹرویوز کیلئے منتخب ہوئی جبکہ وسطی پنجاب کے امیدواروں کی تعدداد اس کے مقابلے میں کم رہی۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ ، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، مشیر ڈاکٹر عمر سیف، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ سیکرٹریز اور پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات