رواں ماہ عارضی سکونت ایکٹ کے تحت کراچی میں 748 ملزمان اور 677 غیر قانونی تارکین وطن گرفتار

جمعہ 24 مارچ 2017 20:28

رواں ماہ عارضی سکونت ایکٹ کے تحت کراچی میں 748 ملزمان اور 677 غیر قانونی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی پولیس نے تینوں زونز کے اضلاع میں قائم مختلف تھانوں کی حدود میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران عارضی سکونت ایکٹ کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 377 مقدمات کے تحت 748 ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ دیگر کارروائیوں میں 348 مقدمات میں گرفتار کئے گئے غیر قانونی تارکین وطن کی تعداد 677 رہی۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق اے آئی جی آپریشنز سندھ نے رپورٹ کی تفصیلات کا احاطہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایسٹ زون میں عارضی سکونت ایکٹ کے 96 مقدمات میں 187، ویسٹ زون میں 181 مقدمات میں 393 جبکہ ساؤتھ زون میں 100 مقدمات کے تحت 168 ملزمان کو باقاعدہ گرفتار کیا گیا۔ یکم مارچ تا اب تک کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ زون ساؤتھ میں 12 مقدمات میں 18، ویسٹ زون میں 221 مقدمات کے تحت 371 جبکہ زون ایسٹ میں 115 مقدمات کے تحت 288 غیر قانونی تارکین وطن کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ جرائم کے خلاف پولیس کے مجموعی اقدامات کو مزید تیز کیا جائے اور باالخصوص کسی بھی حوالے سے انٹیلی جینس اطلاعات کی شیئرنگ اور بروقت فالو کرنے کے جملہ امور کو انتہائی ٹھوس اور مربوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کے حالات پر مؤثر کنٹرول کے ضمن میں علاقہ پیٹرولنگ، پکٹنگ، ریکی نگرانی ودیگر ضروری امور سمیت روزانہ کی بنیاد پر تین گھنٹے رینڈم اسنیپ چیکنگ اور داخلی وخارجی راستوں پر ناکہ بندی اور سرچنگ کے عمل کو ہر سطح پر غیر معمولی بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :