ڈویژن کی سطح پر تمام محکمے اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں، ناجائز تجاوزات ،پرائس چیکنگ پر بھر پور توجہ دی جائے، کمشنر مردان

جمعہ 24 مارچ 2017 20:24

مردان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مارچ2017ء) کمشنر مردان ڈویژن ذاکر حسین آفریدی نے کہا ہے۔کہ ڈویژن کی سطح پر تمام محکموں کو چاہیے کہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنائے۔ اور ناجائز تجاوزات اور پرائس چیکنگ پر بھر پور توجہ دیں۔ اس ضمن میںکسی قسم کی غفلت یا نرمی برداشت نہیں کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈویژن کی سطح پر تمام محکموں کی ماہانہ کارکردگی ، ناجائز تجاوزات اور پرائس چیکنگ کے حوالے سے الگ الگ اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس مو قع پر ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عمران حامد شیخ ، ڈپٹی کمشنر صوابی مطیع اللہ خان کے علاوہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز ، ٹی ایم اوز ، اور دیگر محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ تمام محکموں کے سربراہان نے اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی پیش کیں۔

(جاری ہے)

جس پر کمشنر مردان ڈویژن نے بعض محکموں کی بہتر کارکردگی کو سراہا جبکہ محکمہ زراعت اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی ناقص کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا اورانکو ہدایت کی کہ آئندہ ماہ تک اپنی کارکردگی بہتر بنائے۔

ورنہ صوبائی حکومت کو انکے خلاف کاروائی کیلئے رجوع کیا جائیگا۔ انہوں نے ناجائز تجاوزات کے حوالے سے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں بازاروں ، چوکوں اور سڑکوں پر ہر قسم کی ناجائز تجاوزات کے خلاف بلاتفریق کاروائی کرکے ان کا مکمل خاتمہ کریں۔ اور کسی قسم کا دبائو قبول نہ کریں۔ کمشنر مردان ڈویژن نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز ، ٹی ایم اوز کو سختی سے ہدایت کی کہ بازاروں میں اشیائے خوردونوش و دیگر اشیاء کی قیمتوں کی جانچ پڑتال پر خصوصی توجہ دیں اورباقاعدگی سے بازاروں کی مانیٹرنگ کریں۔ تاکہ عوام کو حکومت کی جانب سے جاری کردہ نرخوں پر اشیاء مل سکیں۔