جنوبی افریقہ کی نیشنل ڈیفنس فورس کے سربراہ کا دورئہ نیول ہیڈ کوارٹرز

پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات ، پیشہ ورانہ امور اور متعدد شعبوں میں دو طرفہ دفاعی تعاون کے معاملات پر تبادلہ خیال

جمعہ 24 مارچ 2017 20:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مارچ2017ء) جنوبی افریقہ کی نیشنل ڈیفنس فورس کے سربراہ جنرل سولی زکریا شوک نے جمعہ کو نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا اللہ سے ملاقات کی۔ معزز مہمان ان دنوں پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ معزز مہمان کی نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ نے ان کا خیر مقدم کیا۔

(جاری ہے)

روایتی یونیفارم میں ملبوس پاک بحریہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جس کے بعد ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں تعینات پرنسپل اسٹاف افسروں سے معزز مہمان کا تعارف کروایا۔ بعد ازیں جنرل سولی زکریا شوک نے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ دوران گفتگو پیشہ ورانہ امور اور متعدد شعبوں میں دو طرفہ دفاعی تعاون کے معاملات پر تفصیلی تبادلہء خیال کیا گیا۔ جنرل سولی زکریا شوک نے دہشت گردی اور بحری قذاقی کے خلاف جنگ میں پاک بحریہ کے عزم اور کارکردگی کو سراہا اور ساتھ ساتھ بحر ہند اور اس کے اطراف میں قیام امن کے لیے کی جانے والی کوششوں میں پاکستان نیوی کے کردار کی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :