سعودی عرب کے سفیر علی عبدالله مرذوق الزاہرانی کی وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے الوداعی ملاقات

جمعہ 24 مارچ 2017 20:19

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء) پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر علی عبدالله مرذوق الزاہرانی نے جمعہ کو وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے الوداعی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے سبکدوش ہونے والے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے تین سالہ پاکستان میں قیام کے دوران دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سعودی عرب کے سفیر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی آئندہ ذمہ داریوں کے حوالہ سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سعودی عرب کے سفیر علی عبدالله مرذوق الزہرانی نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی سعودی عرب کے ساتھ گہری وابستگی کے جذبات کو سراہا اور کہا کہ انہیں پاکستان میں اپنے قیام کے دوران یہی محسوس ہوا کہ وہ اپنے گھر میں ہیں کیونکہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ والہانہ لگائو رکھتے ہیں۔ انہوں نے سردار محمد یوسف کی طرف سے خیرسگالی کے جذبات کے اظہار پر شکریہ بھی ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :