رینجرز کی شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 9 ملزمان گرفتار

جمعہ 24 مارچ 2017 20:10

رینجرز کی شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 9 ملزمان گرفتار
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء) پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گرفتار ملزمان ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، سہولت کاری، منشیات فروشی اور ڈکیتی سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ رینجرز نے بلدیہ اور سرسید کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان فراز طارق، محمد سجاد اور سید کامران علی بخاری کو گرفتار کیا جن کا تعلق ایم کیو ایم (لندن) سے ہے۔

ملزمان ایم کیو ایم لندن کے لئے سہولت کاری، حساس اداروں اور رینجرز کا نام غلط استعمال کر کے بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ رینجرز نے الفلاح کے علاقے میں ایک اور کارروائی کے دوران تین افراد پر مشتمل ڈکیت گروہ تیمور، یوسف اور زبیر کو گرفتار کیا۔

(جاری ہے)

ملزمان ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ سہراب گوٹھ کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا۔

گرفتار ملزم شمشیر ملاح منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہے۔ مذکورہ ملزم سے بڑی مقدار میں منشیات بھی برآمد کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں کندھ کوٹ کے علاقے میں کارروائی کے دوران رینجرز نے دو غیر قانونی رہائش پذیر افغان باشندوں کو گرفتار کیا۔ ملزم شمس الرحمان پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر تھا اور غلام حیدر عرف گل خان بھائیو قتل کے 14 مقدمات میں مطلوب تھا۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحة، ایمونیشن اور منشیات برآمد کی گئیں۔ ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :